اندرون سندھ میں شدید بارشیں، مختلف امراض پھوٹ پڑے

sindh

sindh

ٹھٹھہ: اندرون سندھ بارش اور سیم نالوں میں شگاف سے تباہ کاری کا سلسلہ جاری ہے۔ سرکاری ریلیف کیمپوں میں پانی داخل ہونے سے گیسٹرو، ڈائریا، امراض چشم اور جلدی امراض میں اضافہ ہوگیا۔ متاثرین امداد نہ ملنے کا شکوہ کررہے ہیں۔ ٹھٹھہ میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی سیم نالوں میں شگاف سے نشیبی علاقوں میں تباہی مچی ہوئی ہے۔ لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ سرکاری اسکولوں اور دیگر مقامات پر بنائے گئے ریلیف کیمپوں میں پانی داخل ہونے سے متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
حکومتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ بارش سے تین سو اناسی دیہات متاثر ہیں ڈھائی ہزار سے زائد دیہی علاقوں میں لوگ متاثر ہیں۔ تحصیل جاتی، میرپوربٹھورو، سجاول کے علاقے زیادہ متاثر ہیں۔ جبکہ کیٹی بندر میں طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کروڑوں روپے مالیت کی کپاس اور دیگر فصلیں تباہ ہوچکی ہیں جبکہ متاثرین حکومتی غفلت اور فرائض سے جان چھڑانے کے رویئے پر شکوہ کناں ہیں۔