ایمونیم نائٹریٹ کو دہشت گردوں کے ہاتھ لگنے سے روکنے کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت

gilani

gilani

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینیٹرز نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات میں دیسی ساختہ بموں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے یہ بم حملے پاکستانیوں اور افغانستان میں تعینات امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا سبب بن رہے ہیں۔
جمعہ کی شب امریکی وفد نے سینیٹر رابرٹ کیسی کی قیادت میں وزیراعظم گیلانی سے ملاقات کی جس کے بعد جاری ہونے والے بیان کے مطابق امریکی سینیٹرز نے کہا کہ اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ دیسی ساختہ بموں کے تیاری میں استعمال ہونے والے ایمونیم نائٹریٹ کی تیاری، نقل و حرکت ، اس کے ذخیرہ کرنے اور ترسیل کے بارے میں ایک مربوط نظام وضع کیا جائے کیوں کہ دہشت گرداس کیمیاوی مواد کومہلک ہتھیار وں کی تیاری کے لیے استعمال کر تے ہیں ۔ ایمونیم نائٹریٹ یوریا کھاد کی تیاری کا ایک بنیادی جز ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق امریکی وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان نے پہلے ہی اس بارے میں سخت قوانین وضع کیے ہیں اور ایمونیم نائیٹریٹ کے دیسی ساختہ بموں کی تیاری میں استعمال کو روکنے کے لیے موجودہ قوانین میں حالات کے مطابق ترامیم بھی کی گئی ہیں۔
وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ پاکستان نے دو کروڑ موبائل ٹیلی فون سم کنکشن بھی بلاک کر دی ہیں تاکہ دہشت انھیں اپنے مقاصد کے لیے استعمال نا کر سکیں ۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ نے وفد کو بتایا کہ امریکی سفارت خانے کے تعاون سے آئندہ ماہ دیسی ساختہ بموں کے بارے میں آگاہی مہم بھی شروع کی جارہی ہے تاکہ لوگوں کو بتایا جاسکے کہ وہ شدت پسندوں کے اس مہلک ہتھیار سے کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں۔