بلاوایو ٹیسٹ : پاکستان نے زمبابوے کو سات وکٹ سے شکست دیدی

Pakistan v Zimbabwe

Pakistan v Zimbabwe

بلاوایو: پاکستان نے زمبابوے کو ٹیسٹ میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ بلاوایو میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ زمبابوے نے پہلی اننگز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار سو بارہ رنز اسکور کئے۔ ٹینو ماواکو ایک سو تریسٹھ رنز بنا کر ناٹ آٹ رہے۔ اعزاز چیمہ اور سعید اجمل نے چار چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں چار سو چھیاسٹھ رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ ایک سو انیس رنز بنا کر نمایاں رہے۔ یونس خان نے اٹھاسی، اظہر علی نے پچہتر، مصباح الحق نے چھیاسٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔ میزبان ٹیم نے چوون رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو سعید اجمل، اعزازچیمہ اورمحمد حفیظ نے صرف انہتر کے مجموعی اسکور پر آٹھ بیٹسمینوں کو پویلین واپس بھیج کر زمبابوے کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ جس کے بعد ٹاٹینڈ تائبو اور کائل جرویز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ زمبابوے کی پوری ٹیم ایک سو اکتالیس رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ تائبو نے اٹھاون رنز بنائے۔
محمد حفیظ اور اعزاز چیمہ نے چار چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پاکستان کو جیت کے لئے اٹھاسی رنز کا آسان ہدف ملا جسے قومی ٹیم نے تین وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔