جرائم پیشہ عناصر کیخلاف ٹارگٹد آپریشن جاری رہیگا

rehman malik

rehman malik

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹد آپریشن جاری رہے گا،جرائم پیشہ عناصر جہاں بھی جائیں ان کا پیچھا کریں گے، جبکہ کارروائی روزانہ کی بنیاد پر جاری رہے گی۔
کراچی میں اسٹیٹ گیسٹ ہاس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے رحمان ملک کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پندرہ ٹارگٹ کلرز کی وڈیو پیش کی گئی ،اگر چیف جسٹس اجازت دیں تو ٹارگٹ کلرز کی وڈیوز میڈیا کو پیش کرسکتے ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ لینڈ مافیا کے خلاف وزیر اعظم نے جو قوم سے وعدہ کیا ہے اسے پورا کیا جائے گا، جبکہ لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی کے لئے حکمت عملی طے کرلی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلرز کو شواہد نہ ہونے پر عدالت چھوڑتی ہے تو چھوڑے لیکن حکومت کسی صورت میں نہیں چھوڑ ے گی۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لئے وطن کارڈجاری کرنے کے لئے نادرا نے سروے کا کام شروع کردیا ہے، لاکھوں متاثرین شیلٹر ہوم ، خوراک اور ادویات کے منتظر ہیں، قوم اور بالخصوص تاجر برادری سے اپیل کرتا ہوں سیلاب اور بارش متاثرین کی دل کھول کر مدد کریں، متاثرین کے لئے کراچی میں کرائسز میجمنٹ سیل قائم کردیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پولیس میں سیاسی بھرتیوں کا جائزہ لیا جائے گا، وہ ذاتی طور پر فورسز میں سیاسی بھرتیوں کے مخالف ہیں۔
رحمان ملک نے کہا کہ سیکریٹری جنرل انٹرپول نے ان سے رابطہ کرکے پاکستانی فورسز کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خدمات کی تعریف کی ہے، رحمان ملک نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے، بین الاقوامی برادری خدمات تسلیم کرے۔