جمہوریت کا مستقبل اور کراچی کے عوام خطرات کی زد میں ہیں !

Balochistan Terrorism

Balochistan Terrorism

بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور بگڑتے ہوئے حالات طویل عرصہ سے اس بات کے متقاضی رہے ہیں کہ اس معاملے پر سنجیدگی اپناتے ہوئے متفقہ قومی ایجنڈہ ترتیب دے کر بلوچستان کے عوام اور حقیقی قیادت کو اعتماد میں لیکر بلوچستان کے مسئلے کا پر امن اور پائیدار حل نکالا جائے جبکہ وطن عزیز میں جاری دہشت گردی اور قتل و غارت بھی اس بات کی متقاضی ہے کہ تمام قومی و علاقائی اور عوامی قوتیں یکجا و متحد ہوکر اس حوالے سے متفقہ لائحہ عمل بنا کر اس پر عملدر آمد کے ذریعے دہشت گردی کے ناسور کا صفایا کرنے میں اپنا مشترکہ کردار ادا کریں مگر صد افسوس کہ اس حوالے سے بیان بازی تو ہر جانب سے ہوتی رہی ہے۔

مگر عملاً آگے بڑھ کر کسی نے بھی پہل کرنے کی کوشش نہیں کی بلکہ سیاسی و ذاتی مفادات کیلئے دشمن عناصر سے رابطوں ، واسطوں ، مدد ،معاونت اور حمایت کی روایت برقرار رکھی جاتی رہی ہے جس کی وجہ سے حالات بد سے بدترین ہوتے چلے گئے یہی صورتحال بلوچستان کے حوالے سے بھی سامنے آئی جب لوگوں کو بسوں سے اتار کر شناختی کارڈ دیکھ کر قتل کرنے کے پہلے جرم کے بعد ہی مجرموں کی سرکوبی کی بجائے سیاسی مفاد پرستی کو ترجیح دی گئی تو یہ سلسلہ اس قدر دراز ہوتا چلا گیا کہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ میں دہشت گردی عروج پر جا پہنچی اور ہزارہ برادری کے افراد چن چن کر قتل کئے جانے لگے اور کچھ ایسی ہی صورتحال سے کراچی بھی دوچار ہے۔

Quetta Blast

Quetta Blast

چند روز قبل کوئٹہ میں ہونے والے دودھماکوں میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاک شدگان کے لواحقین کے نعشوں سمیت کئی روزہ احتجاج پر حکومتی خاموشی و نظر اندازی نے ملک بھر میں ان مظاہروں ، دھرنوں اور احتجاج کو جنم دیا جس نے تمام سیاستدانوں اور قیادتوں کو بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے مطالبے کی حمایت پر مجبور کردیا اور عوامی ووٹوں سے برسرِاقتدار آنے والی وفاقی حکومت ، عوام کی نمائندہ بلوچستان کی صوبائی حکومت کو برطرف کرکے گورنر راج کے نفاذ پر مجبور ہو گئی۔

یہ صورتحال یقینا بلوچستان کی صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی کے خلاف عوامی احتساب اور عوام کے اتحاد و مظلومین کی اخلاقی فتح تو کہلائی جاسکتی ہے مگر جمہوریت کیلئے اس روایت کا آغاز خطرات کا پیش خیمہ دکھائی دے رہا ہے کیونکہ حکومت صوبائی ہو یا وفاقی جمہوری تب ہی کہلائی جاتی ہے جب عوام کو تحفظ و سہولیات اور انصاف کی فراہمی کے ذریعے انہیں مطمئن و آسودہ کرتی ہے مگر جب حکومت تحفظ میں ناکام ہو جائے ، سہولیات ناپید ہوں ، انصاف کا کہیں نام و نشان نہ ملے اور عوام نعشوں کے ہمراہ شدید سردی و برسات میں کئی روز تک احتجاج کرنے پر مجبور ہوں تو اسے جمہوریت کا شیوہ قرار نہیں دیا جا سکتا ، جب جمہوریت کمزور ہوتی ہے تو آمریت کا راستہ کھل جاتا ہے اور پھر حالات کو غیر محسوس انداز سے اس بند راستے کی جانب لے جایا جاتا ہے جہاں آمریت کی آہنی دیوار ہوتی ہے اور جمہوریت ا س سے سر ٹکرانے اور آزادی حاصل کرنے کیلئے کئی برس ایڑیاں رگڑنے پر مجبور ہو جاتی ہے۔

Balochistan Protests

Balochistan Protests

بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد حالات ایسی ہی بند گلی کی جانب سفر کا اشارہ دے رہے ہیں کیونکہ کوئٹہ سانحہ میں سینکڑوں افراد کی ہلاکت کے بعد عوام کا اشتعال و احتجاج اور اس کے نتیجے میں بلوچستان میں گورنر راج کا نفاذ اس خدشے کو جنم دے رہا ہے کہ جمہوریت دشمن اور انقلاب سے خوفزدہ حلقے جو سیاسی مفادات کیلئے غیر ریاستی طاقتوں سے تعلقات کی روایت کا شکار ہیں ان کی مددو معاونت سے کوئٹہ کے بعد کراچی میں بھی کسی ایسے سانحہ کو جنم دے سکتے ہیں جس کے نتیجے میں عوامی اشتعال و احتجاج سندھ میں بھی گورنر راج کے نفاذ کو لازمی قرار دے دے اور یہ حقیقت رہی ہے کہ کراچی سے اٹھنے والے احتجاج کی بازگشت اور سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد کوئی جمہوری حکومت اپنی مدت مکمل نہیں کر سکی ہے اور نہ ہی جمہوریت محفوظ رہ پائی ہے۔

تحریر : عمران چنگیزی