زمبابوے،نیوزی لینڈکے درمیان ٹی ٹوئنٹی 15 اکتوبرکوکھیلاجائیگا

zimbabwe

zimbabwe

زمبابوے اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 2 ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 اکتوبر کو ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 17 اکتوبر کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔
اس سلسلے میں زمبابوے نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لئے پہلے ہی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر رکھا ہے۔ برینڈن ٹیلر کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے، فٹنس مسائل سے چھٹکارا حاصل کرنے والے کیگان میتھ کی دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، برین ویٹوری کو ڈراپ کر دیا گیا۔ برینڈن ٹیلر ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ اعلان کردہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں چارلس کاونٹری، چیکابھا، ایلٹن چیگمبورا، کائل جروس، ہیملٹن مسکڈزہ، کیگان میتھہ، نیٹسائی، کرسٹوفر موفو، فورسٹر موتزوا، ریمنڈ پرائس، یوسی موذی، ٹاٹنڈا تابو، پراسپر اوتسیا اور میلکم والر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 20 اکتوبر کو ہرارے، دوسرا 22 اکتوبر کو ہرارے جبکہ تیسرا اور آخری ایک روزہ میچ 25 اکتوبر کو کوئینز سپورٹس کلب بلاوائیو میں کھیلا جائیگا۔ ایک روزہ سیریز کے بعد زمبابوے الیون اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو روزہ پریکٹس میچ 28 سے 29 اکتوبر تک کوئینز سپورٹس کلب بلاوائیو میں کھیلا جائیگا جس کے بعد زمبابوے اور نیوزی لینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ یکم نومبر سے 5 نومبر تک کوئینز سپورٹس کلب بلاوائیو میں کھیلا جائیگا۔