شہباز تاثیر کی بازیابی کے لیے پنجاب حکومت کی مہم تیز

shahbaz Taseer

shahbaz Taseer

پنجاب کے مقتول گورنر سلمان تاثیر کے بیٹے شہباز تاثیر کو نامعلوم مسلح افراد نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں ان کے دفتر کے قریب سے اغوا کر لیا ہے۔
شہباز تاثیر کی بازیابی کے لیے پنجاب حکومت نے بڑے پیمانے پر مہم شروع کر دی ہے اور کچھ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی گئی تاہم انہیں بعد میں رہا کردیا گیا۔عینی شاہدین اور پولیس حکام نے بتایا ہے کہ اغوا کاروں نے شہباز تاثیر کی گاڑی کو حسین چوک کے قریب روکنے کے بعد انھیں زبردستی اپنی گاڑی میں بیٹھا کر ساتھ لے گئے۔
سلمان تاثیر کے قتل کے بعد ان کے اہل خانہ کو حکومت نے سکیورٹی فراہم کر رکھی ہے تاہم شہباز تاثیر کو جب اغوا کیا گیا تو ان کے ساتھ کوئی محافظ نہیں تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے انھیں شہباز تاثیر کی گاڑی سے ان کے موبائل فون اور دیگر اشیا ملی ہیں۔صوبائی دارالحکومت میں رواں ماہ کے دوران اہم شخصیات کے اغوا کی یہ دوسری واردات ہے۔ اس سے قبل 13 اگست کو نامعلوم مسلح افراد کے ایک گروپ نے ترقیاتی امور کے امریکی ماہر ڈاکٹر وارن وائنس ٹائن کو ماڈل ٹان میں ان کی رہائش گاہ سے اغوا کیا تھا اور تاحال انھیں بازیاب نہیں کرایا جا سکا ہے۔
وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے شہباز تاثیر کے اغوا کی مذمت کرتے ہوئے اعلی عہدے داروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مغوی کی بازیابی کے لیے صوبائی حکام کو ہرممکن مدد فراہم کریں۔ ہیومن رائٹس واچ نے شہباز تاثیر کے اغوا کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اغوا سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت ان لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے جنہیں خطرات لاحق ہیں۔