صدرنے کہہ دیا ہے، الیکشن سے قبل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا جائے گا

Asif ali zardari

Asif ali zardari

ملک کے ایک مُوقّرروزنامے کے صفحہ اوّل پر صدرِ مملکت عزت مآب جناب آصف علی زرداری کی جانب سے عام انتخابات سے قبل ملک سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی یقین دہانی کرانے کے حوالے سے زینت بننے والی ایک خبر جب ہماری نظرسے گزری تو ہم سے رہانہ گیااور ہمیں شاعر کایہ شعریاد آگیا۔

بدلاہے خردمندوں نے بھی اپنی روش کو کچھ اہلِ جنوں کابھی جنوں ٹوٹ رہاہے
مِٹنے کو ہے خوبانِ قیادت کی رعُونت پیرانِ سیاست کا فسوں ٹوٹ رہاہے
یعنی یہ کہ جب صدر صاحب نے اقتدار کے مزے لوٹ لئے اور عوام کو مسائل کی چکی میں پیس کر سُرمابنادیاہے تو اِنہیں اپنے دوبارہ اقتدار کی ہوس مجبورکررہی ہے کہ یہ لوڈشیڈنگ جیسے عوامی مسئلہ کو حل کریں جس کے لئے اِنہوں نے یقین دہانی بھی کرادی ہے اور انتظامات و اقدامات کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔

ہاں تو قارئین حضرات صدر سے منسوب ملک میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حوالے سے وہ خبر کچھ یوں ہے کہ جس میں صدر زرداری نے تو صاف صاف یہ کہنے کی اپنے تئیں پوری کوشش کی ہے کہ عوام بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب چھ سات ماہ یا اِس سے زیادہ اور برداشت کرلے کیوں کہ (طنزاََ) ہمارے ہر دلعزیز اور بے پناہ فہم وفراست سے لبریز اور سیاسی اُکھار پئچھاڑ میں ماہرصدرِمملکت عزت مآب جناب آصف علی زرداری نے وفاقی وزراء اور پیپلزپارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کو سختی کے ساتھ اِس بات کا یقین دلاتے ہوئے کہہ دیا ہے کہ ”جب وہ آئندہ انتخابات کے موقع پر عوام کا سامناکرنے اور اِن کی دہلیز پر ووٹ لینے جائیں گے تو اِس سے قبل ہی ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کامکمل خاتمہ اِس طرح سے کردیاجائے گاکہ عوام بھول جائیں گے کہ پاکستان میں بھی کبھی لوڈشیڈنگ ہواکرتی تھی۔

loadshedding

loadshedding

اِس حوالے سے آج صدرمملکت کایہ کہناہے کہ ملک سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے اِنہوں (صدر)نے وزیراعظم راجہ پرویزاشرف اور وفاقی وزیرپانی وبجلی احمد مختار کے ساتھ مل کر ایک ایسی جامع اور مربود حکمتِ عملی تیار کرلی ہے کہ ملک سے عام انتخابات سے قبل لوڈشیڈنگ کیسے ختم کی جائے گی…؟ اور اپنے عوام کو کیسے ریلیف دیا جائے گا…؟اور اِسی کے ساتھ ہی خبر میں یہ بھی ہے کہ صدر نے ملک میں بے لگام ہوتی ہوئی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے پریشان حال اپنے وفاقی وزراء اور اپنی پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ کو تسلی دیتے ہوئے اِن کی پریشانیوں کا ازالہ یہ کہہ کرکردیا کہ ”تم فکرمت کرو لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا فارمولامیرے پاس ہے اور میں ہی اِس کا مکمل خاتمہ کروں گا اور عوام کو اِس سے نجات دلاکر خو دگنگا نہا لوں گا اور اِس کے بعد پھر تم یہ دیکھنا کہ ہماری معصوم عوام ہمیں ہی ووٹ دے گی اورہم پھر اقتدار میں آئیں گے کیوں کہ میں عام انتخابات سے قبل لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردوں گا۔

خبرمیں ہے کہ اِس میگاپروجیکٹ کے حوالے سے وفاقی وزیرپانی و بجلی نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو حتمی شکل دینی شروع کردی ہے اور اُمیدظاہر کی ہے کہ ہم عام انتخابات میں عوام کی دہلیز پر ووٹ لینے جانے سے قبل اِنہیں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا پروگرام دیں گے اور عام انتخابات میں اِسی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کو بنیاد بناکر عوام سے ووٹ لیں گے یہاں تک تو صدر ، وزیراعظم اور وفاقی وزیرپانی وبجلی نے عوام کو اپناپروگرام دے دیاہے مگر عام انتخابات میں عوام سے ووٹ بٹورنے کے بعد کا نہ تو کوئی وعدہ کیا ہے اور نہ ہی کوئی ایساپروگرام ہی دیاہے کہ جس سے عوام کو اِس بات کا یقین ہوجائے کہ عام انتخابات کے بعد اگر خدانخواستہ یہ دوبارہ اقتدارآگئے تو لوڈشیڈنگ کا کیابننے گا…؟یہ بندہی رہے گی…؟ یا اِسی طرح جاری رہے گی جیسے موجودہ حالات میں جاری ہے…؟

Gas and electricity

Gas and electricity

اِس موقع پر ہم یہ کہنا چاہیں گے کہ کیا ہی اچھا ہوتا کہ صدر، وزیراعظم اور وفاقی وزیرپانی وبجلی اگراِس کابھی عوام کو یقین دلادیتے کہ بعد میں لوڈشیڈنگ کا کیا بنے گا..؟ توکتنا اچھا ہوتا…تاکہ عوام بھی سوچتی کے اِنہیں اپنی دہلیز پر آنے دیا جائے یا دور ہی سے ….دکھا کر اِنہیں لوٹ جانے پر مجبورکردیا جائے…اور اِسی کے ساتھ ہی اِس موقع پر ہم یہ بھی کہنا چاہیں گے کہ صدرمملکت جناب آصف علی زرداری صاحب …! لوڈشیڈنگ کے خاتمے جیسے نیک کام کوکرنے کے لئے عام انتخابات کے قریب آنے کا انتظار اورسہاراکیوں لے رہے ہیںا گرآپ واقعی ملک سے لوڈشیڈنگ کے مکمل خاتمے اور اِس کا یہ گھناؤناعمل پھر شروع نہ کرنے کاارادہ ہی رکھتے ہیں تو یہ اچھاعمل آج ہی سے کیوں شروع نہیں کردیتے ہیں۔

عوام کو کیوں مزیدسات آٹھ ماہ لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلاکرکے اِس کے صبر کا امتحان کیوں لے رہے ہیں…؟اِس سے آپ کو کیا ملے گا…؟اور ہاں اِس معاملے کو عام انتخابات تک ٹالنے سے پہلے صدرِ محترم آپ ملتان کے ضمنی الیکشن این اے151کے کانٹے دار نتائج سے اخذکرلیںاور اندازہ کر لیں کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام اور ملک کی تمام سیاسی جماعتیں مل کر آپ کے اُمیدوار اور آپ کی جماعت کا کیا حشر کریں گے اِس کے ذمہ دار بھی آپ ہی ہوں گے کیوں کہ آج لوڈشیڈنگ پر سیاست چمکانے کی وجہ سے آپ کی جماعت کے اُمیدوار اور سابق وزیراعظم کے صاحبزادے کی عوام میںکیا مقبولیت رہی اِس سے بھی آپ کی آنکھیں نہ کھلیں تو پھر کیاہوگا۔ جبکہ الیکشن 2008میں اِسی حلقے سے یوسف رضاگیلانی 75/70ہزار ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے اور آج اِسی حلقے میں اِن کے صاحبزادے نے کتنے ووٹ لئے یہ بھی آپ کے سامنے ہے آپ مان جائیں اِس میں بھی آپ ہی کی عا م انتخابات تک لوڈشیڈنگ کے مسلے کو ٹالنے کی حکمتِ عملی کا عمل دخل ہے ۔

ہماری مانیں تواگرآپ یہ نیک کام آج اور ابھی سے ہی صحیح معنوں میں کرنے کا اعلان کردیںتو یقین جانیئے آپ کو اُس وقت (عام انتخابات سے قبل)سے اچھارزلٹ آج ہی سے ملناشروع ہوجائے گا ..کیوں کہ جو لوگ آج آپ اور آپ کی حکومت سے نالاں ہیں وہ خوش ہوجائیں گے اور آپ کے حق میں نعرے بلندکرتے ہوئے سڑکوں پر آجائیں گے جو اِس بات کا یقین ہوگاکہ عوام آپ کو پھر اقتدار میں دیکھناچاہتی ہے اور باقی آپ کی مرضی ہماراکام تو سمجھاناتھاتو سوہم نے سمجھادیاہے۔

elections

elections

ویسے ایک بات تو ہماری سمجھ آئی کہ ملک میں آج جو بجلی کا بحران آیاہواہے لگتا ہے کہ یہ بھی آپ کے اُن نیک اشاروں پرہی جاری ہے جسے آپ نے الیکشن کے دن کے آنے تک رکھ چھوڑاہے اور پھر جیسے ہی عام انتخابات کے دن قریب آئیں گے آپ خود ہی اپنے دستِ…. اِسے خود ہی ختم بھی کردیں گے جیسا کہ آپ فرماچکے ہیں واہ واہ تویہ ہے عوام کو بے وقوف بنانے اور ملک کو اندھیرے میں ڈوبونے کی آپ کی حکمت اور سیاست …قسم سے داد دینے کو جی چاہتاہے۔
بہرحال آج ہماراملکِ پاکستان بجلی اور گیس کی کمی کی صورت میں توانائی کے جس بحران میں دھنس چکاہے یقینااِس سے ہماری ترقی اور خوشحالی کا پہیہ رک گیاہے اور جس سے ہماری صنعتیں زوال پذیرہورہی ہیں اور ایک عام پاکستانی کئی حوالوں سے خود کو مایوسیوں اور محرومیوں کے دلدل میں غرق ہوتامحسوس کرنے لگاہے جبکہ یہ حقیقت ہے کہ پچھلے کئی سالوں سے ہمارے حکمرانوں کی جانب سے ملک میں دانستا یا ادادی طور پر بجلی اور گیس کی صورت میں آئے ہوئے توانائی کے بحران نے جو سنگین شکل اختیار کرلی ہے۔

اِس کے حل کی طرف ہر محب وطن پاکستانی نے گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے یہ کہناشروع کردیا ہے کہ آج ملک میں آئے ہوئے توانائی کے اِس بحران اور موجودہ حکمرانوں سے چھٹکاراحاصل نہ کیاگیاتو وہ دن کوئی دور نہیں جب ہم ترقی و خوشحالی کی منزل سے نکل کر پستی اور گمنامی کی اُس گہری کھائی میں جاگریں گے جہاں سے نکلنا ہمارے لئے مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن بھی ہوجائے گا سو اِس حوالے سے ضروری ہے کہ ملک کے ایوانوں سے لے کر کسی جھونپڑی میں رہنے والے ہرمحب وطن پاکستانی کو بھی اپنی ذمہ داری اداکرنی ہوگی ۔

جبکہ یہاں یہ امرقابل ذکرہے کہ ملک کو توانائی کے موجودہ بحران سے نکالنے اور اِسے تابناک مستقبل کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہمارے ملک کے مایہء نازایٹمی سائنس دان ڈاکٹر ثمرمبارک مندکا یہ کہناہے کہ حکومت اگر ایک ارب روپے فراہم کرے تو آئندہ 30برسوں تک 10ہزار میگاواٹ بجلی تھرکو ل پاورپروجیکٹ سے فی یونٹ چار روپے لاگت سے بجلی پیداکی جاسکتی ہے تو پھر یہاں سوال یہ پیداہوتاہے کہ ہمارے صدرمملکت آصف علی زرداری وزیراعظم راجہ پرویزاشرف اور وفاقی وزیربجلی و پانی احمدمختار ڈاکٹرثمرمبارک کو یہ رقم کیوں نہیںدے رہے ہیں …؟ہم سمجھتے ہیں کہ اِس بحران کے حل کے لئے یہ رقم کچھ بھی نہیں ہے ۔
اگر ہمارے حکمران ایک ارب روپے ڈاکٹر ثمر مبارک مند کو دے دیں تو کوئی حرج نہیںہے اور جبکہ ہمارے حکمران قومی خزانے سے اِس سے زیادہ رقم اپنے للے تللے میں تو خرچ کرہی رہے ہیںمگر ڈاکٹرثمرمبارک کو تھرکول پاورپروجیکٹ سے بجلی پیداکرنے کے لئے یہ رقم نہ دے کرکے قوم کو اندھیروں اور ملک کو پستی میںدھکیلنے کا سامان کیوں کررہے ہیں …؟اور قوم کے ہاتھوں میںبیچارگی کاکشکول تھماکر اپنی حکمران کے دعوے توبہت کررہے ہیںمگرقوم کو روشنیوں اور ملک کو ترقی سے محروم کرکے خوشی سے جھوم رہے ہیں۔

Rental thermal furnace

Rental thermal furnace

اِدھرملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے کے لئے ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کا پُراُمید لہجے میں یہ کہناہے کہ اگرآج حکومت ایک ارب روپے فراہم کرے تو آئندہ تیس سالوں تک دس ہزار میگاواٹ بجلی تھرکول پاورپروجیکٹ سے پیداکی جاسکتی ہے اِن کہناہے کہ تھرکول پاور پروجیکٹ سے بجلی کی فی یونٹ لاگت چار روپے ہوگی جو رینٹل ، تھرمل اور فرنس آئل سے کئی گنا سستی ہوگی جبکہ اِن ذرائع سے بجلی اوسطاََ20روپے فی یونٹ لاگت کے حساب سے حاصل کی جارہی ہے اور اِس کے ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہناہے کہ تھرکول کے ذخائر سے روزانہ پچاس ہزار میگاواٹ بجلی یقینی طور پر بنائی جاسکتی ہے اور یہ کوئلے کے ذریعے سستی ترین بجلی فراہم کرنے کے اپنے دعوے سے پُراُمیدہیں اور برملاکہتے ہیں کہ اگر حکومت مطلوبہ رقم فراہم کردے تو تھرکول پاور پروجیکٹ سے سستی ترین بجلی پیداکرکے اپنے ملک کو دے سکتے ہیں اور ملک کے ہر گھرکے آنگن کو روشن اور ملک کی ترقی صنعتوں کے رکے ہوئے پہیوں کو تیزرفتاری سے چلاکر ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑاکرسکتے ہیں۔

اِس پر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ڈاکٹرثمرمبارک مند نے اپنی قوم کا دردمحسوس کرتے ہوئے ایک محب وطنن پاکستانی ہونے کا اپناحق اداکردیاہے اور قوم کو توانائی کے بحران سے نکالنے کے لئے حکومت سے جھولی پھیلاکر تھرکول پاور پروجیکٹ سے دس ہزار میگاواٹ چار روپے فی یونٹ کی لاگت سے بجلی پیداکرنے کے لئے زیادہ نہیں صرف ایک ارب روپے تو مانگے ہیں اِس پر بھی ستم یہ ہے کہ ہمارے صدر مملکت عزت مآب جناب آصف علی زرداری جن کی فہم وفراست اور تدبرکے چرچے چاردانگِ عالم میں مشور ہیںوہ یہ رقم ڈاکٹرثمر مبارک مند کو دیکھنے سے کترارہے ہیں اِن کے اِس عمل سے تو ایساہی لگتاہے کہ جیسے صدر صاحب شائد یہ نہیں چاہتے کہ ملک سے بجلی اور گیس کی کمی صورت میں نازل ہونے والاتوانائی کا بحران ڈاکٹرثمر مبارک مند کے تھرکول پاور پروجیکٹ سے سستی بجلی اور گیس پیداہونے سے ختم ہوجائے جس سے قوم کو روشنی اور ملک کو ترقی نصیب ہو۔

اِن تمام باتوں کے علاوہ کہ حکمرانوں نے عام انتخابات میں اپنی سبقت کو یقینی بنانے کے لئے ملک میں بجلی کا مصنوعی بحران پیداکرکے لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری کیا ہواہے اور آج جس کا اظہار کرتے ہوئے صدر نے بھی انتخابات سے قبل ملک بھر سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی یقین دہانی کرادی ہے اَب یہ کام تو حکومت کرے گی ہی مگر پھر بھی ضرورت اِس امرکی ہے کہ حکومت کو یہ چاہئے کہ تھرکول پاور پروجیکٹ سے چار روپے فی یونٹ کی لا گت سے سستی بجلی پیداکرنے کے لئے ایٹمی سائنس دان ڈاکٹرثمر مبارک مند کو بغیرکسی سیاسی مصالحت پسندی کا شکار ہوئے اِنہیں مطلوبہ رقم ایک ارب روپے دے تاکہ یہ ملک میں کبھی حقیقی معنوں میں بجلی اور گیس کے آنے والے بحرانوں سے ملک اور قوم کو تھرکول پاورپروجیکٹ سے پیداہونے والی بجلی اور گیس سے بچاسکیں۔تحریر : محمداعظم عظیم اعظم