طالبان کے ساتھ مصالحت میں پاکستان ہچکچاہٹ کا شکار ہے، ریان کروکر

 Ryan Crocker

Ryan Crocker

نیویارک: افغانستان میں امریکی سفیر نے الزام لگا یا ہے کہ طالبان سے سیاسی تنازع کے حل کیلئے مصالحت کی بات چیت میں پاکستان ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔ امریکی اخباریو ایس ٹو ڈے کے مطابق پاکستان طالبان کے سینئر رہنماوں کو مصالحت کی بات چیت کیلئے افغانستان کے سفر کی اجازت دینے میں پس و پیش سے کام لے رہا ہے۔جس سے ان خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے پاکستان افغان تنازع کو حل کرنے میں زیادہ مدد نہیں کر رہا۔افغانستان میں امریکا کے سفیر ریان کروکر کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جو بات کرنا چاہتے ہیں ان کو موقع دیا جانا چاہئے اور جو لوگ لڑناچاہتے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاکہ وہ لڑائی سے باز آجائیں۔افغان حکام سیاسی تنازع کے حل کیلئے طالبان کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہیں۔ امریکا نے افغان حکام کی اس پیش قدمی کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ان مذاکرات میں پیش رفت کے بارے ابھی بتایا نہیں جاسکتا۔ امریکی سفیرکا کہنا تھا کہ بغاوت اور عسکریت پسندوں کو قتل کر کے ختم نہیں کیا جاسکتا،اس کاسیاسی تصفیہ ضروری ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان تنازع میں دونوں فریقوں سے کھیل رہا ہے۔