عدلیہ نے اقامے پر کمزور فیصلہ دیا جس کا نواز شریف نے فائدہ اٹھایا، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عدلیہ نے اقامے پر کمزور فیصلہ دیا، اتنی زیادہ چیزیں تھیں مگر نواز شریف کو اقامے پر نا اہل کیا گیا جس کا نواز شریف نے فائدہ اٹھایا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کے خلاف کیس پاناما کا تھا مگر سزا اقامے پر ہوئی، عدلیہ نے اقامے پر کمزور فیصلہ دیا، اتنی زیادہ چیزیں تھیں مگر نواز شریف کو اقامے پر نااہل کیا گیا جس کا نواز شریف نے فائدہ اٹھایا، نواز شریف نے 28 جولائی کے بعد اداروں پر تنقید شروع کردی اس پر عدالت نے توہین کا نوٹس ہی نہیں لیا اور نواز شریف شیر بنتے چلے گئے۔

خیال رہے کہ پاناما فیصلے کو لے کر جب بھی عدلیہ کے خلاف طوفان اٹھا کپتان ہمیشہ اس کے دفاع میں میدان میں آگئے لیکن پہلی بار عمران خان کی پاناما کیس فیصلے کے بعد عدلیہ پرتنقید سامنے آئی ہے، اچانک پاناما فیصلے کو کمزور قرار دے کرعمران خان نے سب کو حیران کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے عمران خان پریس کانفرنسز اور جلسوں میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا دفاع کرتے رہے ہیں مگرعمران خان کے نئے بیان نے ان کے سابق بیانات کے بارے میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔