وزیرآباد کی خبریں 21/4/2016

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (عدیل احمد خان لودھی) دو روز قبل تھانہ صدر کے علاقہ ویروکی میں بے رحمی سے خاتون کو قتل کرنے والے سنگدل قاتل اور ساتھیوں کو پولیس ٹیم نے گرفتار کر لیا۔ ورثاء، اہل علاقہ کا پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار۔ ڈی ایس پی وزیرآباد رانا شبیر خاںاور ایس ایچ او صدر ذوالفقار علی ججہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ نواحی علاقہ ویروکی میں دو روز قبل نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر شادی شدہ خاتون چار کم سن بچوں کی ماں شمع بی بی کو تیز دھار آلہ کے پے درپے وار کرکے سنگدلی سے ذبح کردیا جس سے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور اہل علاقہ نے اس سنگین واردات کے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ڈی ایس پی نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے تشکیل دی جانے والی ٹیم ایس ایچ او ذوالفقار علی ججہ ،انسپکٹر غلام محی الدین، سب انسپکٹر طاہر سجاد ، مدثر ضیاء اور دیگر نے سائینٹیفک آلات اور پیشہ وارانہ مہارت سے کام لیتے ہوئے مختصر وقت میں ملزم سفیان بٹ ولدلیاقت علی بٹ، محمد عنصر، علی شہزاد اور محمد شعیب ساکنان معافی والا تھانہ اروپ گوجرانوالہ کو مختلف علاقوں سے گرفتار کرلیا ہے ۔ مزید تفتیش جاری ہے جلد ملزمان سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا جائے گا ۔پولیس ٹیم کی اس کارکردگی کو عوامی، سماجی حلقوں کی طرف سے بھرپور سراہا جارہا ہے۔ دوسری جانب مقتولہ شمع کے ورثاء ، اہل علاقہ خاوند قیصر نوید، صدیق شیخ ، سجاد چیمہ اور دیگر نے کہا کہ ملزمان نے چار کم سن بچوں کو ماں کے سائے سے محروم کرکے بہت بڑی زیادتی ہے۔ قاتلوں کو جلد ازجلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(عدیل احمد خان لودھی)جائیداد کے تنازعہ پر حقیقی چچا کو قتل کرنے والے مجرم کو عمر قید اور تین لاکھ جرمانہ جبکہ ایک کو کم عمری کی وجہ سے بری کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج وزیرآبادافتخار چیمہ نے تھانہ علی پور چٹھہ میں درج قتل کے مقدمہ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقدمہ میں نامزدمجرم عماد کو عمر قید اور تین لاکھ جرمانے کی سزاسنا دی جبکہ دوسرا ملزم زبیر کم عمری کی وجہ سے بری کر دیا ، واضح رہے کہ عماد اور زبیر احمدنے جائیداد کے تنازعہ پر اپنے حقیقی چچا محمد اقبال کو فروری 2014میں چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد(عدیل احمد خان لودھی) گندم کی کٹائی کے دوران ہارویسٹر مشین بجلی کی چالو لائنوں سے ٹکرا گئی آگ لگنے سے جل کر تباہ ہوگئی۔ علاقہ کے لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت گندم کی فصل کو جلنے سے بچالیا۔ نواحی علاقہ ہری پور میں محمد نواز وڑائچ کا ڈرائیور ہارویسٹر مشین کیساتھ زمیندار حاجی اقبال کی گندم کاٹ رہا تھا کہ غفلت سے مشین بجلی کی لائنوں سے ٹکرا کر آگ پکڑ گئی۔ ڈرائیور نے حالات کو بھانپتے ہوئے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی جبکہ22لاکھ روپے کی مشین مکمل طور پر جل گئی اور گندم کی تیار فصل بھی جلنا شروع ہوگئی۔ آگ کے بلند ہوتے شعلے دیکھ کر اہل علاقہ اکٹھے ہوگئے جنہوں نے گندم کے کھیت کو مکمل طور پر راکھ ہونے سے بچا لیا۔