وزیراعظم کراچی میں امن نہیں کرا سکتے تو مستعفیٰ ہو جائیں۔ الطاف

altaf hussain

altaf hussain

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم گیلانی کراچی میں امن و استحکام بحال کرانے اور اپنے احکامات پر عملدرآمد کروانے سے قاصر ہیں تو مستعفی ہوجائیں ۔ اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ وزیراعظم گیلانی کو برادرانہ مشورہ ہے کہ امن نہیں کراسکتے تو معصوم مہاجروں کے خون سے کھیلی جانے والی ہولی سے کم از کم اپنے دامن کو پاک کرنے کیلئے وزارت عظمی سے فی الفور دستبردار ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوسف رضاگیلانی سے متعدد باربات کرکے انہیں کراچی کا امن غارت کرنے والے ایسے دہشت گردعناصرکے بارے میں آگاہ کرچکا ہیں۔ دہشت گردوں کی کارروائیوں سے شہری شدید متاثر ہیں۔ ایسے جرائم پیشہ دہشت گردعناصرکے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی اورکراچی میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کا سلسلہ جاری ہے۔
الطاف حسین نے سوال کیا کہ دہشت گردی کے ان واقعات پر عوام و خواص آخر کب تک خاموش تماشائی بنے رہیں گے۔ انہوں نے صدر آصف زرداری اور وزیراعظم گیلانی سے اپیل کی کہ کراچی کے معصوم شہریوں کا قتل بندکرائیں اورسفاک قاتلوں کوفی الفور گرفتار کروائیں۔  الطاف حسین نے کہاکہ اگر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کراچی میں امن واستحکام بحال کرنے اوراپنے احکامات پر عمل درآمدکروانے سے قاصرہیں توانہیں میرابرادرانہ مشورہ یہی ہو گا کہ وہ معصوم مہاجروں کے خون سے کھیلی جانے والی ہولی سے کم ازکم اپنے دامن کو پاک کرنے کیلئے وزارت عظمی کے عہدے سے فی الفور دستبردار ہو جائیں۔