پاکستان قابل اعتماد نہیں،امداد بند کی جائے،رک پیری

rick perry

rick perry

امریکا کے ری پبلکن صدارتی امیدواروں کا کہنا ہے کہ پاکستان قابل اعتماد اتحادی نہیں ۔ اس کی امداد بند کردینی چاہیے جبکہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کی جائیگی۔
جنوبی کیرولینا میں خارجہ پالیسی پر بحث کے دوران ٹیکساس کے گورنر رک پیری نے کہا وہ پاکستان سمیت ایسے ممالک کی امداد بند کرنا چاہتے ہیں جو امریکا سے مخلص نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان امریکا سے ڈبل گیم کررہا ہے۔
رک پیری نے مزید کہا کہ پاکستانی کے حقیقی حکمران سیاستدان نہیں بلکہ فوج ہے اور امریکا ان پر اعتماد نہیں کرسکتا جبکہ اسرائیل امریکا کا بہترین اتحادی ہے۔ ایوان نمائندگان کے سابق اسپیکر نیوٹ گنگرچ نے کہا کہ اسامہ بن لادن چھ سال سے پاکستان میں ملٹری اکیڈمی کے قریب رہائش پذیر تھا اور جب اس کے خلاف آپریشن کیا گیا تو وہ ہم سے ناراض ہوگئے۔
صدارتی امیدوار کین کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی کہ پاکستان ہمارا دوست ہے یا دشمن ، ایران کے جوہری پروگرام پر بات کرتے ہوئے ری پبلکن صدارتی امیدواروں نے کہا کہ اگر مزید اقتصادی پابندیوں کے باوجود بھی ایران باز نہیں آتا تو اس کے خلاف فوجی کارروائی ہونی چاہئے۔ ری پبلکن امیدواروں نے عراق، افغانستان جنگ پر بھی اوبامہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اور کہا کہ امریکا کی ترجیحات یہ ممالک نہیں بلکہ اپنے عوام ہونے چاہئیں۔