پاکستان کے ساتھ مل کرکام کرنا ضروری ہے: امریکی معاون وزیر خارجہ

robert blake

robert blake

امریکہ کے معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا رابرٹ بلیک نے کہا ہے کہ یہ وقت پاکستان کے عوام اور حکومت کی مدد کرنے کا ہے کہ وہ اپنے معاشی ، سیاسی اور سیکیورٹی کے مسائل سے نمٹ سکے ، تاہم پاکستان کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی سرزمین موجود حقانی نیٹ ورک سمیت تمام دہشت گرد گروپوں کے خلاف مثر کارروائی کرے۔سینئیر امریکی عہدے دار کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ملکوں کی سیاسی اور عسکریت قیادت  کے حالیہ بیانات پاکستان اور امریکہ کے درمیان بظاہر کشیدگی کی عکاسی کرتے ہیں۔واشنگٹن میں ایک بریفنگ کے دوران وائس آف امریکہ کے ڈیوا ریڈیو کے سوال کا جواب دیتے ہوئے رابرٹ بلیک نے کہا کہاس وقت ہم سب کے لیے اہم بات یہ ہے کہ ہم آگے بڑھیں اور مل جل کرکام کریں اور پاکستانی عوام اور حکومت کو ان کے معاشی ، سیاسی اور سلامتی کے مسائل حل کرنے میں مدد فراہم کریں۔ حقیقتا یہ وقت ایسی ہی چیزوں پر توجہ دینے کا ہے۔تاہم رابرٹ بلیک نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مثر کردار ادا کرے۔ ان کا کہناتھا کہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ دہشت گردوں کے چیلنج کو سنجیدگی سے لے اور جو بھی دہشت گرد نیٹ ورک پاکستان کے اندر سے سرگرم ہیں، ان کی کارروائیاں روکنے کے مثراقدامات کرے۔ خواہ وہ حقانی نیٹ ورک ہو، لشکرطیبہ ہو یا کوئی اور گروپ۔امریکی معاون وزیر خارجہ کا یہ کہناتھا کہ پاکستان امریکہ کا اہم اتحادی ہے اور اس وقت جب کہ ا مریکہ افغانستان سے فوجی انخلا کے حوالے سے اہم دفاعی مراحل میں ہے، پاکستان کا کردار بہت اہمیت رکھتا ہے۔