پیپلز پارٹی کے بانی کارکن یاسین شوکت ایڈووکیٹ رضائے الہی سے انتقال کر گئے

Jhelum

Jhelum

جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) پیپلز پارٹی کے بانی کارکن یاسین شوکت ایڈووکیٹ رضائے الہی سے انتقال کر گئے، نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں وکلاء کی شرکت۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ بار جہلم کے سینئر وکیل و بانی کارکن پاکستان پیپلز پارٹی جہلم چوہدری یاسین شوکت ایڈووکیٹ رضائے الٰہی سے وفات پا گئے ،مرحوم کچھ عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے ، مرحوم کی نماز جنازہ دو مرتبہ ادا کی گئی۔

ایک جنازہ جادہ کے مقام پر ادا کی گئی ، جس میں ڈسٹرکٹ بار جہلم کے وکلاء راجہ شکیل احمد ایڈووکیٹ ، چوہدری زاہد محمود یعقوب ایڈووکیٹ ، حافظ سمیع کھوکھر ایڈووکیٹ ،راجہ نصیر الدین ایڈووکیٹ ،راجہ کامران ایڈووکیٹ ، سید طاہر شاہ ایڈووکیٹ ،ملک اختر ایڈووکیٹ ،چوہدری زاہد مونن ایڈووکیٹ و دیگر وکلاء اورجج صاحبان کے علاوہ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے ضلعی صدر چوہدری تسنیم ناصر ایڈووکیٹ ،میاں رشید احمد ، محمد اشتیاق پال ، عارف ڈار،جاوید قریشی ، ڈاکٹر کوثر ناہید انور ، علی اکبر مٹھو کے علاوہ جیالوںاور شہریوں کی بڑی تعداد موجودتھی ،جبکہ دوسرا جنازہ ان کے آبائی گائوں باگڑیاں (دینہ) میں ادا کیا گیا اور اسی قبرستان میں دفن کیا گیا۔

مرحوم نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز پیپلز پارٹی سے کیا اور مرتے دم تک پارٹی سے وابستہ رہے ، مرحوم کو یہ بھی اعزاز حاصل تھا کہ ان کی ملاقاتیں ذوالفقار علی بھٹو شہید ، محترمہ بینظیر بھٹو شہید ، نصرت بھٹو اور دیگر پارٹی کے قائدین کے ساتھ رہیں ، مرحوم کو پارٹی کی اعلیٰ قیادت انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی تھیں، پارٹی کی بہتری کیلئے ان کے مشورے بھی کارآمد ثابت ہوتے تھے، سانحہ لیاقت باغ راولپنڈی جس میں محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت ہوئی ، اس جلسہ میں بھی ان کو خصوصی دعوت دی گئی تھی مگر خرابی صحت کی بناء پر جا نہ سکے تھے ۔ مرحوم کی وفات سے پیپلز پارٹی ایک وفادار ، مخلص اور انتہائی تجربہ کار لیڈرسے محروم ہوگئی ہے۔