کراچی : مسکن چورنگی کے قریب اپارٹمنٹس سے دو مشتبہ افراد زیرحراست

karachi

karachi

کراچی میں مسکن چورنگی کے قریب رہائشی اپارٹمنٹس میں رینجرز اور پولیس نے کارروائی کرکے دوافراد کو حراست میں لے لیا۔۔ کورنگی میں پولیس مقابلے کے بعد فیکٹری سے بھتہ وصول کرنے والا ایک ملزم گرفتار کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق رات گئے پولیس اور رینجرز نے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب واقع رہائشی فلیٹس گڈلک اپارٹمنٹس اور پوائنر آرکیڈ کو گھیرے میں لے لیا اورگھرگھر تلاشی شروع کر دی۔ مشترکہ کارروائی کے دوران دو افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
گزشتہ روز لیار ی کے مختلف علاقوں کا رینجرز کی بھاری نفری نے محاصرہ کر کے سرچ آپریشن کیا جو12 گھنٹے جاری رہا۔آپریشن کے دوران 8 افراد کوگرفتار کر کے ان کے قبضے سے کلاشنکوفیں، رائفلیں، رپیٹرز، پستول ، ریوالور، چاقو، چھرے، کیمرے، دوربین سمیت منشیات اور کچی شراب برآمد کر لی گئی۔ ایس ایس پی ایسٹ احسن عمر کے مطابق کورنگی میں ایک گارمنٹ فیکٹری میں مبینہ طور پر بھتہ وصولی کی نیت سے داخل ہونے والے تین ملزمان شبیر، شاہد اور یونس کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔