کور کمانڈرز اجلاس، تمام امریکی الزامات مسترد

Corp meeting

Corp meeting

جنرل اشفاق پرویز کیانی کی زیر صدارت کور کمانڈرز کے خصوصی اجلاس میں امریکی عسکری قیادت کے حقانی نیٹ ورک کی سرپرستی اور آئی ایس آئی اور پراکسی وار لڑنے کے الزامات کو یکسر طور پر مسترد کرتے ہوئے امریکا پر زور دیا ہے کہ الزامات تراشی کے بجائے ، مربوط روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف اشفاق پریز کیانی کی سربراہی میں کور کمانڈرز کا خصوصی اجلاس میں علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال سمیت امریکی الزامات اور پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا، ذرائع کے مطابق اجلاس میں امریکی الزامات کو یکسر طور پر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ عسکری قیادت خود ہی یہ فیصلہ کرے گی کہ شمالی وزیرستان میں کب فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
آرمی چیف نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جیمز میٹس سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں کور کمانڈرز کو اعتماد میں لیا۔ اجلاس میں ان میڈیا رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں ایساف فورسز کی جانب سے پاک افغان سرحد پر بڑی کارروائی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اجلاس میں ملکی سلامتی اور جنرل جیمز میٹس کے دورہ پاکستان پر غورکیاگیا، پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔