گولڈن گلوب میںداڈسنڈینٹس کو بہترین فلم قرار دیا گیا

george clooney

george clooney

امریکی شہر لاس اینجلیس میں منعقدہ انہترویں گولڈن گلوب ایوارڈز میں فلم دا ڈسنڈینٹس کو بہترین فلم قرار دیا گیا ہے جبکہ اداکار جارج کلونی کو اسی فلم کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔ہالی وڈ کی فارن پریس ایسوسی ایشن کی طرف سے منعقد کرائے جانے والے گولڈن گلوب ایوارڈ ہر سال ہالی وڈ میں فلمی ایوارڈز کی پہلی بڑی تقریب ہوتی ہے اور اس سال بھی اس تقریب کی میزبانی کے فرائض مزاحیہ اداکار رکی گریوس نے ادا کیے۔بلیک اینڈ وائٹ خاموش فلم دا آرٹسٹ تین ایوارڈز جیتنے میں کامیاب رہی ہے جن میں بہترین مزاحیہ فلم، مزاحیہ کردار میں بہترین اداکار اور بہترین موسیقی کے ایوارڈ شامل ہیں۔اداکارہ میرئل سٹریپ کو فلم دا آئرن لیڈی میں اداکاری پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے اس فلم میں سابق برطانوی وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کا کردار نبھایا تھا۔مارٹن سورسیس کو فلم ہیوگو کے لیے بہترین ہدایتکار قرار دیا گیا جبکہ بہترین سکرین پلے کا ایوارڈ ووڈی ایلن کی فلم مڈ نائٹ ان پیرس کو ملا۔سینیئر اداکار کرسٹوفر پلمر کو فلم بگنرز کے لیے بہترین معاون اداکار منتخب کیا گیا اور اوکٹیویا سپنسر کو فلم دا ہیلپ میں گھریلو ملازمہ کے کردار پر بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔اداکار جان دواردن کو مزاحیہ یا میوزیکل فلم کا بہترین اداکار اور میشل ولیمز کو بہترین اداکارہ چنا گیا۔ان ایوارڈز میں ہدایتکار اور پروڈیوسر سٹیفن سپیل برگ کی فلم ایڈونچرز آف ٹن ٹن کو بہترین اینیمیٹڈ فلم جبکہ ایرانی فلم اے سیپریشن کو غیر ملکی زبان کی بہترین فلم قرار دیا گیا۔