گیاری سیکٹر : درجہ حرارت میں اضافہ، سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے

siachen

siachen

گیاری سیکٹر: (جیو ڈیسک)گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دبے جوانوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن گیارہویں روز بھی جاری ہیں۔ درجہ حرارت میں اضافے سے سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن کے گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دبے جوانوں کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور شدید سرد موسم سمیت انتظامی مشکلات کے باوجود ریسکیو آپریشن میں مصروف جوان اور انجینئرز بلند حوصلے کے ساتھ اپنے ساتھیوں تک پہنچنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سوئس اور جرمن ٹیمیں گیاری میں امدادی کاموں میں اپنا کردار ادا کرنے کے بعد واپس روانہ ہوچکی ہیں جبکہ ناروے اور امریکہ کے ماہرین کی ٹیمیں گیاری پہنچ کر امدادی کاموں میں حصہ لے رہی ہیں۔ ترجمان کے مطابق سوئس اور جرمن ٹیموں نے اپنی رپورٹس میں پاک فوج کے ترجیحی مقامات کی نشاندہی اور امدادی کاموں کے طریقہ کار سے اتفاق کیا ہے۔

سردی کی شدت میں کمی کے ساتھ سلائیڈنگ کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں جبکہ ایک سرنگ میں کھدائی کے دوران زہریلی گیسوں کی موجودگی کے باعث امدادی کاموں میں دقت کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم دیگر ترجیحی مقامات پر امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری و ساری ہیں۔ دوسری جانب بذریعہ سڑک مزید بھاری مشینری اور دیگر آلات اور سامان بھی گیاری پہنچا دیئے گئے ہیں جبکہ بٹالین ہیڈ کوارٹرز میں ریڈپلائمنٹ کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔