ہالینڈ : آل یورپین عظیمی مقابلہ حسن نعت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد

azeemi naat contest

azeemi naat contest

ہالینڈ ( جاوید عظیمی)) سلسلہ عالیہ عظیمیہ کے زیر سرپرستی مراقبہ ہال ہالینڈ کے زیر اہتمام سالانہ تقریب آل یورپین عظیمی مقابلہ حسن نعت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد 27مئی بروز اتوار نور الاسلام مسجد دی ہیگ میں کیا گیا،جس میں خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ نگران مراقبہ ہال ہالینڈ حاجی محمد جاوید عظیمی کی زیر صدارت ہونے والی اس تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان جناب اعزاز احمد چوہدری جبکہ اعزازی مہمان مراقبہ ہال لندن کے نگران محمد علی شاہ تھے۔ اس با برکت روحانی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے حافظ مجیب احمد قریشی نوشاہی نے کیا۔

حاجی جاوید عظیمی نے ہالینڈ اور یورپ بھر سے آئے ہوئے تمام معزز مہمانان گرامی اور مقابلے میں حصہ لینے والے نعت خواں حضرات کو صمیم قلب سے خوش آمدید کہا اور دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب خاتم الانبیا سید المرسلین حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعریف و توصیف سننے اور کرنے کے لئے تشریف فرما ہیں اللہ تعالیٰ ہم سب کی حاضری کو اپنے فضل و احسان سے اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت عطا فرمائیں آمین ثمہ آمین۔

اس عظیم الشان با برکت روحانی تقریب کے دوران سلسلہ عالیہ عظیمیہ کے خانوادہ مرشد کریم معروف روحانی بزرگ حضرت خواجہ شمس الدین عظیمیصاحب کا خطاب بذریعہ ڈی وی ڈی پروجیکٹ کیا گیا۔ اعزازی مہمان محمدعلی شاہ نگران مراقبہ ہال لندن نے مراقبہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے علامتی مراقبہ بھی کروایا۔مقابلہ حسن نعت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سویڈن ، آسٹریا، اٹلی ، اسپین ، بلجیم ، انگلینڈ، سوئیزرلینڈ اور ہالینڈ سے نعت خواں نے حصہ لیا۔

سید علی جیلانی ، علامہ سید افتخار حسین شاہ اور حاجی عبدالرحمن پر مشتمل تین رکنی جیوری کے نتیجے کے مطابق سید رفاقت حسین شاہ(اٹلی) اول جبکہ دوم سید مرتضیٰ حسین شاہ (اٹلی) اور سوم وقاص ملک (ہالینڈ) قرار پائے۔انگلینڈ مہمان خصوصی سفیر پاکستان جناب اعزاز احمد چوہدری نے اپنے خطاب میں حاجی محمد جاوید عظیمی سمیت تمام ٹیم اراکین کو پروگرام کے شاندارانعقاد پر دلی مبارکباد پیش کی اور خاتم الانبیاء سید المرسلین حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت طیبہ پر تفصیلی گفتگو فرمائی ،محترم سفیر نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں معروف شاعر مظفر وارثی مرحوم کا نعتیہ کلام ترنم میں پیش کیاجس کو حاضرین محفل نے بے حد سراہا۔

حاجی جاوید عظیمی نے سفیر پاکستان کی کمیونٹی خدمات اور مذکورہ پروگرام میں باقاعدگی سے شرکت کرنے پر خیراج تحسین پیش کرتے ہوئے یادگاری شیلڈ پیش کی۔بعد ازاں سفیر پاکستان نے حاجی جاوید عظیمی کے ہمراہ اس پروگرام کے لئے شاندار خدمات پیش کرنے والی معزز شخصیات اے وسیم ( روزنامہ دھرتی ) سید علی جیلانی (عالم دین) محمد آفتاب سیفی (آسٹریا ) محمد علی شاہ ( برطانیہ ) طارق کریم(سفارتخانہ پاکستان چوہدری ذاکر حسین اورمحمداکرم باجوہ کو شیلڈز اور مراقبہ ہال ہالینڈ کی پوری ٹیم کو حوصلہ افزائی کے میڈلز بھی پیش کئے۔صوفی شفیق چیمہ نے تمام حاضرین کے ہمراہ درودو سلام کا نذرانہ پیش کیا۔

علامہ محمد حنیف نقشبندی نے اجتماعی دعا میں سب کے لئے خیر و برکت اور پاکستان کی سلامتی و بقاء کے ساتھ ساتھ سلسلہ عظیمیہ کے مرشد حضرت خواجہ شمس الدین صاحب کی طویل صحت والی زندگی کے لئے دعا فرمائی اور سلسلے کے امام حضور قلندر بابا اولیا ء رحمتہ اللہ علیہ کی روح پُر فتوح کو ایصال ثواب نذر کیا۔ لذت کام و دہن کے سلسلے میں مراقبہ ہال ہالینڈ کی انتظامیہ کی جانب سے حاضرین کی تواضع لنگر محمدی سے کی گئی۔ یاد رہے اس پرگرام کی رپورٹنگ اور کوریج کے لئے ٹی وی چینل اے۔آر ۔ وائی ۔ ٹی وی جے ۔کے نیوز۔پاک نیٹ ٹی وی۔ ریڈیو سنگم ۔روزنامہ دھرتی۔ ڈیلی پیغام۔ جنگ لندن۔گجرات لنک اور دیگر اخبارات کے نما ئندہ گان اور فوٹو گرافرز حضرات موجود تھے۔