ہیما مالینی نے دپیکا کو دور حاضر کی بہترین اداکارہ قرار دے دیا

Hema Malini

Hema Malini

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کی معروف اداکارہ ہیمامالینی نے دپیکا پڈوکون کو دور حاضر کی بہترین اداکارہ قرار دیا ہے۔

ہیما مالینی بالی وڈ کی ‘ڈریم گرل’ کے نام سے مشہور ہیں جنہوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں اداکاری کے ایسے جوہر دکھائے کہ آج بھی ان کی تعریف زبان زدعام ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیما مالینی نے دپیکا پڈوکون کو دور حاضر کی سب سے بہترین اور پسندیدہ اداکارہ قرار دیا۔

ہیما مالنی کا کہنا تھا کہ تمام اداکارائیں فلم نگری میں اچھا کام کر رہی ہیں لیکن دپیکا کی اداکاری جاندار ہوتی ہے اور وہ ہر کردار کے ساتھ انصاف کرنے میں مہارت رکھتی ہیں۔

16 اکتوبر کو ہیما مالینی اپنی 69ویں سالگرہ منائیں گی اور اسی روز وہ شوبز انڈسٹری میں اپنے 50 سال بھی مکمل کرلیں گی۔

اداکارہ کی سالگرہ کے موقع پر تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور تقریب میں دپیکا پڈوکون بھی خصوصی طورپر شرکت کریں گی۔

ہیمامالینی کی زندگی پر مصنف ‘رام کمال مکھرجی’ کی جانب سے لکھی گئی کتاب ‘بی یونڈ دی ڈریم گرل’ کی تقریب رونمائی ہوگی۔

مصنف نے اداکارہ کی شخصیت، زندگی کے اتار چڑھاؤ اور فلمی کیرئیر کو نہایت عمدہ انداز میں بیان کیا ہے۔