خورشید شاہ کیخلاف عمران خان کے بیان پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا احتجاج

PPP

PPP

سکھر (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کے دھرنے میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید احمد شاہ کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پی پی کے کارکنوں نے سکھر سمیت سندھ کے کئی شہروں میں ریلیاں نکالیں اور مظاہرے کیے جن کے دوران شرکا نے عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کی جا نب سےسید خورشید احمد شاہ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کر نے پر سکھر میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کا رکنان اور خو رشید شاہ کی حما یتی مشتعل ہو گئے اور وہ عمران خان کے خلاف اور سید خورشید احمد شاہ کی حمایت میں شہر کی سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

خورشید شاہ کے حق میں نعرے بازی کی، احتجاج میں شریک کا رکنان نے اپنے ہا تھوں میں خو رشید شاہ کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں، اس موقع پر رہنما ئوں نے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ عمران خان کے مقا بلے میں خو رشید شاہ کی ملک میں جمہو ریت کے لیے قربا نیاں زیا دہ ہیں، وہ خورشید شاہ کے مقا بلے میں سیاست کے میدان میں طفل مکتب ہیں ،اگر وہ کسی کے لیڈر کو کچھ کہیں گے تو پھر وہ بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ ضلع سکھر کی جانب سے خواتین کارکنان کی بڑی تعداد نے شائستہ کھوسو کی قیادت میں عمران خان کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جوشہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی سکھر پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

اس موقع پر شائستہ کھوسو کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اپنے ہوش کھو چکے ہیں ،پیپلز پارٹی کے کا رکن اپنے محبوب قائدین و سنیئر رہنمائوں کے خلاف نازیبا الفاظ کسی صورت برداشت نہیں کرینگے، انہوں نے عمران خان سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر سید خورشید احمد شاہ کے خلاف نازیبا الفاظ کے استعمال پرمعافی مانگیں۔ روہڑی میں بھی پیپلز پارٹی کے مشتعل کارکنان نے عمران خان کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اور عمران خان کے خلاف سخت نعرے بازی کی،پیپلز پارٹی تعلقہ روہڑی کے جنرل سیکر یٹری نبی بخش جسکانی ،سابق ایم پی اے ڈاکٹر نصراللہ بلوچ ودیگر کی قیادت میں اروڈ بائی پاس پر کارکنوں کی بہت بڑی تعداد نےموٹر سائیکلوں، کاروں، ویگنوں اور جیپوں پر ہاتھوں میں پی پی کے جھنڈے اور خورشید احمد شاہ کی تصاویر اٹھا کر ریلی نکالی جس سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان یہودی ایجنٹ ہیں، اس لیے انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی مظالم سے عالمی میڈیا کی توجہ ہٹانے کے لیے احتجاجی دھرنوں کا ڈرامہ رچایا ہے۔

پنو عاقل میں بھی پی پی کے کارکنا ن نے سید خورشید شاہ کے میڈیا ٹرائل کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ،علاوہ ازیں پاکستان پیپلزلائرز فورم شکارپورکے ضلعی صدر ایڈووکیٹ انور علی شیخ اور پریس ترجمان نذیر حسین بھیو نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان اسلام آباد میں بلاجواز دھرنا دے کر ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان ،سید خورشید احمد شاہ سے معافی مانگیں۔