ناچ گانے والا پاکستان نہیں چاہتے، عمران نے سیاست میں طوفانِ بدتمیزی برپا کر دیا، ارکان سندھ اسمبلی

Members Sindh Assembly

Members Sindh Assembly

کراچی (جیوڈیسک) اراکین سندھ اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے گالی گلوچ، سیاسی رہنماؤں کا مذاق اڑانے اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

سندھ کے وزیراطلاعات وبلدیات اور پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کے دھرنوں کیلیے اسرائیلی سے پیسہ آ رہا ہے اور عمران خان کے ذریعے یہ اسرائیلی پیسہ حکومت گرانے کیلیے خرچ ہو رہا ہے۔

صوبائی وزرا منظور حسین وسان، نثار کھوڑو اور مخدوم جمیل الزمان، پیپلز پارٹی کے رکن ڈاکٹر مہیش ملانی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن امتیاز احمد شیخ نے عمران خان سے کہا کہ وہ بدزبانی اور جھوٹے الزامات لگانے کا سلسلہ بند کریں۔

شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کوئی نیا پاکستان نہیں بلکہ قائد اعظم،آئین کے موجد ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت بینظیر بھٹو والا پاکستان چاہیے، آمروں کو ریفرنڈم میں ووٹ دینے اور سڑکوں پر ناچ گانے والوں کا پاکستان ہم نہیں چاہتے، انھوں نے سیاست میں طوفان بدتیمزی برپا کر دیا ہے، سیاست میں مخالفت ضرور ہوتی ہے لیکن دشمنیاں نہیں ہوتی ہیں۔

عمران خان پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے حوالے سے اپنی زبان کا لگام دیں ورنہ عوام کو بھی اس کا جواب دینا آتا ہے، اب عوام عمران خان کی کی بدتمیزیوں کو مزید برداشت نہیں کریں گے، عمران خان ثابت کردیں کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے دورہ پنجاب میں سیکیورٹی پر 750 سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے تومیں سیاست چھوڑ دوں گا۔

عمران خان وی آئی پی کلچر کے خاتمے کی بات کرتے ہیں لیکن وہ خود چارٹر طیاروں میں سفر کرتے ہیں اور ایئرکنڈیشنڈ کنٹینرز میں رہتے ہیں، وہ لوگوں کے ساتھ کھلے آسمان تلے کیوں نہیں سوتے۔

پیپلز پارٹی کے ڈاکٹر مہیش ملانی نے کہا کہ میں تحریک انصاف کے سربراہ کا نام لینا بھی پسند نہیں کرتا، وہ اپنی زبان بند کریں، بلاول بھٹو کیخلاف ایک لفظ بھی ہم سننا برداشت نہیں کرینگے ۔فنکشنل لیگ کے رکن امتیاز شیخ نے کہا کہ عمران خان جس بے ہودہ طریقے سے بات کرتے ہیں، وہ قابل مذمت ہے۔