عبدالستار ایدھی اپنی خواہشات دبا کر دوسروں کی دنیائیں روشن کرتے رہے۔ پی ایف یو سی

Abdul Sattar Edhi

Abdul Sattar Edhi

لاہور : نئے قلمکاروں کی تنظیم پاکستان فیڈریل یونین آف کالمسٹ (پی ایف یو سی) کے چیئرمین شہزاد چوہدری اور صدر فرخ شہباز وڑائچ نے عبدالستار ایدھی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی نے اپنے عمل سے انسانیت بانٹی ، دکھوں اور غموں کو تقسیم کیا، اپنے وسائل پر بھروسہ کرنا اور لوگوں کو ایک دوسرے پر شفقت کرنا سکھایا۔

انہوں نے کہا کہ وہ بابائے خدمت اور پیکر انسانیت تھے جس نے ہر ناممکن کو ممکن بنایا اور مسیحا بن کر دوسروں کی دنیائیں روشن کرتے اور اپنی خواہشات دباتے رہے ۔ شہزاد چوہدری اور فرخ شہباز وڑائچ نے مزید کہا کہ فخر پاکستان کے بچھڑنے سے انسانیت اور محبت کا ایک باب ختم ، اک عہد تمام ہو گیا ، بہت کم لوگ مسیحائے انسانیت جیسی تاریخ بنا پاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ہم گناہوں سے لتھری قوم کیلئے باعث مغفرت اور اس مردہ معاشرے میں واحد زندہ انسان تھے جس نے صحیح معنوں میں خادمِ انسانیت ، سادگی کا پیکر اور حقوق العباد کا عملی نمونہ بن کر دکھایا ۔ چیئرمین و صدر پی ایف یو سی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کا ہر ممبر ایدھی ہے اور مرحوم عبدالستار ایدھی کے رضاکار کے طور پر انسانیت کی تعمیر و خدمت میں خود کو وقف رکھے گا۔