ابوظہبی ٹیسٹ: پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 64 رنز بنا لیے

Abu Dhabi Test

Abu Dhabi Test

ابوظہبی (جیوڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے جانے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 64 رنز بنائے ہیں۔ دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا سمیع اسلم 31 اور شان مسعود 30رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ اس سے قبل سری لنکا کی پوری ٹیم 419 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں آئی لینڈرز کی پوری ٹیم 419 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ سری لنکا کی جانب سے کپتان دنیش چندی مل کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 155 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں دیموتھ کرونارتنے 93 جبکہ نیروشان ڈکویلا 83 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں یاسر شاہ اور محمد عباس نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر باؤلرز میں حسن علی دو جبکہ حارث سہیل صرف ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز میچ کے پہلے دن یاسر شاہ سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں 150 وکٹیں حاصل کرنے والے سپنر بن گئے تھے۔