احتساب سے پہلے کبھی ڈرے ہیں نہ آئندہ ڈریں گے : نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس کے شرکاء نے اپوزیشن کے ٹی او آرز کو متعصبانہ قرار دیدیا، وزیراعظم کہتے ہیں اپوزیشن نے انہیں ہدف بنایا، حکومت نے ٹی او آرز پر اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اہم مشاورتی اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، جس میں ان کے مشیران و معاونین اور قانونی ٹیم نے شرکت کی۔ قانونی ٹیم نے اپوزیشن کے ٹی او آرز پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔ اجلاس کے شرکاء کی اکثریت نے اپوزیشن کے ٹی او آرز کو متعصبانہ قرار دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ احتساب سے پہلے کبھی ڈرے ہیں نہ آئندہ ڈریں گے، پہلے دن ہی خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے ٹی او آرز کے ذریعے انہیں ہدف بنایا ہے ۔ اپوزیشن قرضے معاف کرانے والے اپنے رہنماؤں کو بچا رہی ہے۔

اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ ٹی او آرز پر اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ٹی او آرز پر اپوزیشن سے مشاورت کے دروازے بند نہیں کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ چودھری نثار اور وزیر قانون زاہد حامد آج اہم پریس کانفرنس میں اپوزیشن کے ٹی او آرز اور حکومتی موقف سے میڈیا کو آگاہ کرینگے۔