احتساب کا راستہ روکا تو سڑکوں پر آئیں گے، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

پشاور (جیوڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کچھ دن سے پشاور کے دورے کر رہا ہے، آصف زرداری پاکستان کی سب سے بڑی بیماری ہے، آصف زرداری کا کرپشن کی بات کرنا قیامت کی نشانی ہے، سن لو ملک میں اگلی حکومت ہماری ہو گی، سندھ میں بھی اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہو گی۔ عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر سال 10ارب ڈالرز کی منی لانڈرنگ ہوتی ہے، جب ملک کا پیسہ باہر ہوتا ہے تو دنیا عزت نہیں کرتی، جب منی لانڈرنگ ہوتی ہے تو ملک مقروض ہو جاتا ہے، مہنگائی کر کے عوام پر اضافی ٹیکس لگائے جاتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر بھی خوب تنقید کی، ان کا کہنا تھا کہ آپ کو اس لیے نکالا کہ آپ نے ملک کا پیسہ لوٹا، آپ کو اس لیے نکالا کیوں کہ آپ 300 ارب روپیہ باہر لے کر گئے، نواز شریف اور ان کے بچے معصوم شکل بنا لیتے ہیں، اقامہ چوری کا پیسہ باہر لے جانے کا طریقہ ہے۔

عمران خان نے آج احتساب عدالت میں ہونے والی کارروائی پر بھی تبصرہ کیا، انکا کہنا تھا کہ آج عدالت میں ڈرامہ ہوا، عدالت پر حملہ کرنے کی کوشش کی گئی، ن لیگ سپریم کورٹ اور فوج کو بدنام کر رہی ہے، یہ سب اس لیے کرتے ہیں کیوں کہ ان کا پیسہ پاکستان واپس آ جائے گا، ن لیگ ڈرامے کر رہی ہے تاکہ ان کا پیسہ بچ جائے۔

سربراہ تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ فاٹا اور کے پی کے انضمام کے لیے پورا زور لگائیں گے، موقع ہے کہ قبائلی علاقوں اور خیبر پختونخوا کو ایک کیا جائے تاکہ ترقی ہو، قبائلی علاقوں پر بے پناہ ظلم کیا گیا، اچکزئی بلوچوں کا لیڈر بنا بیٹھا ہے، اپنے آپ کو ڈیزل کے پرمٹ پر بیچنے والے اسمبلی میں بیٹھے ہیں، نواز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن ڈاکو ہیں۔