ایڈمنسٹریٹر کی ہدایت پر بلدیہ کورنگی کا تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری

 DMC Korangi Karachi

DMC Korangi Karachi

کراچی : ایڈمنسٹریٹر قرة العین میمن کی ہدایت پر محکمہ انسداد تجاوزات کا شاہ فیصل کالونی کی شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے گرینڈ آپریشن کے دوران گزشتہ 3 روز کے دوران سڑکوں ،سروس روڈز اور فٹ پاتھوں سے سینکڑوں تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کا خاتمہ کر دیا گیا۔

مہم کے دوران سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم پان سگریٹ کے کیبن ،ٹھیلے ،پتھارے اور غیر قانونی طور پر سرکاری آراضی پر قائم کئے گئے چبوترے و تعمیرات توڑ دیئے گئے بلدیہ کورنگی محکمہ انسداد تجاوزات ،ضلع انتظامیہ اور علاقہ پولیس نے آپریشن میں حصہ لیا اس موقع پر علاقہ مکینوں اور تاجر برادری نے تجاوزات کے خاتمے پر اظہار مسرت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے کہا کہ تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات علاقائی ترقی میں رکاوٹ اور شہر کی خوبصورتی میں بد نما داغ ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو تجاوزات سے پاک بنایا جائیگا۔

اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی قرة العین میمن نے ضلع کورنگی کی عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی اقدامات کی روک تھام اور ضلع کورنگی کی تعمیر و ترقی میں بلدیہ کورنگی کے ساتھ تعاون کریں باہمی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کو شہر کا مثالی ضلع بنایا جائیگا۔

ایڈ منسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ضلع کورنگی کے حدود سے آخری تجاوزات کے خاتمے تک مہم جاری رکھی جائے اور اس کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔