افغان چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے دورہ پاکستان ملتوی کر دیا

Abdullah Abdullah

Abdullah Abdullah

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے اور مسلح افراد کی فائرنگ سے اٹھائیس افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد افغان چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے دورہ پاکستان ملتوی کر دیا۔

کابل میں حساس ادارے کے دفتر کے باہر ہونے والے دھماکے کے آواز دور تک سنی گئی۔ افغان طالبان ایک ہفتے قبل ہی موسم بہار میں حملوں کا اعلان کرچکے تھے۔

پولیس چیف عبدالرحمان رحیمی نے بتایا کہ حملے میں خواتین اور بچے بھی جاں بحق ہوئے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پہلے دھماکا ہوا، پھر مسلح افراد کو خفیہ ادارے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کی عمارت میں داخل ہوتے دیکھا گیا۔طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔

ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک الگ بیان میں بتایا کہ عمارت کے اندر طالبان اور سیکیورٹی فورسز میں لڑائی ہوئی۔ افغان صدر اشرف غنی نے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور افغان انٹیلی جنس کے دفتر کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، امریکی سفارت خانے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ حملے سے سفارت خانہ متاثر نہیں ہوا۔