افغان طالبان کی مصالحتی وفد پاکستان بھجوانے کی تصدیق

Afghan Taliban Delegation

Afghan Taliban Delegation

لندن (جیوڈیسک) برطانوی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان نے مذاکرات کے لیے اپنا وفد پاکستان بھیجنے کی تصدیق کر دی ، وفد پاکستانی حکام سے افغان مہاجرین اور سرحدی علاقوں کے مسائل پر بات کرے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق قطر میں مقیم افغان طالبان کا ایک وفد افغان حکومت سے براہ راست بات چیت کے لیے گزشتہ روز کراچی پہنچا۔ قطر میں طالبان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفد پاکستانی حکام سے افغان طالبان کے رہنما ملا برادر سمیت جیل میں قید دیگر افراد کی رہائی کے لیے بات کرے گا۔

پاکستان سے افغان مہاجرین اور سرحدی علاقوں کے مسائل پر بات چیت بھی وفد کےایجنڈے میں شامل ہے۔ نشریاتی ادارے کے مطابق قطر سے آنے والے افغان طالبان کے وفد میں ملا شہاب الدین دلاور اور ملا جان محمد شامل ہیں جبکہ کچھ طالبان رہنما پاکستان سے اس مصالحتی عمل میں افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

امریکا ، چین، پاکستان اور افغانستان کے درمیان افغانستان میں قیام امن کے لیے چار ملکی مصالحتی عمل کا سلسلہ رواں سال جنوری میں اسلام آباد سے شروع ہوا تھا جس کے بعد اب تک چار اجلاس منعقد ہو چکے ہیں جن میں دو اجلاس اسلام آباد اور دو کابل میں ہوئے۔