افغانستان حملہ، طالبان کے شیڈو ضلعی گورنر سمیت 11 عسکریت پسند ہلاک

Afghanistan Attack

Afghanistan Attack

قندہار (جیوڈیسک) شمالی افغانستان میں فضائی حملے میں طالبان کے شیڈو ضلعی گورنر سمیت 11 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ قندہار میں ایک جھڑپ میں تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔

افغان فوج کی طرف سے اعلان میں کہا گیاہے کہ گزشتہ روز شمالی صوبہ تخار کے ضلع خواجہ بہاوالدین میں ایک ٹھکانے کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس میں طالبان کے شیڈو ضلعی گورنر مولوی انصاراللہ سمیت 11 عسکریت پسندہلاک ہو گئے۔ اس کاروائی میں 6 عسکریت پسندوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔

دوسری جانب صوبہ بلخ میں بم نصب کرنے کے دوران قبل از وقت بم پھٹنے کے نتیجے میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوگیا جبکہ قندہار میں پولیس اورطالبان کی جھڑپ میں 3 پولیس اہلکار ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے۔

صوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ جھڑپ ضلع میوند کے علاقہ شل غمے میں اس وقت شروع ہوئی جب مسلح طالبان نے پولیس پوسٹ پر حملہ کر دیا۔ انھوں نے واقعے میں 3 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی کاروائی میں متعدد طالبان ہلاک ہو گئے ہیں۔