افغانستان میں شیعہ عبادت گاہ پر خودکش حملہ، 29 افراد ہلاک

Afghanistan Suicide Attack

Afghanistan Suicide Attack

کابل (جیوڈیسک) افغانستان کے مغربی حصے میں ایک شیعہ مسجد پر دھماکہ خیز مواد کی بڑی مقدار سے لیں دو خودکش بمباروں کے حملے میں کم ازکم 29 افراد ہلاک اور 40 کے لگ بھگ زخمی ہو گئے۔

یہ حملہ منگل کی رات ایران کی سرحد کے قریب واقع شہر ہرات میں ہوا۔

مقامی ڈاکٹروں نے وائس آف امریکہ کو 29 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

أفغان میڈیا نے مقامی حکام اور عینی شاہدین کے حوالے سے کہا ہے کہ ایک خودکش بمبار نے خود کو مسجد کے باہر دھماکے سے اڑا دیا جب کہ دوسرے حملہ آور نے مسجد میں داخل ہونے کے بعد فائرنگ شروع کر دی۔

وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے حملے کی تصدیق کی ہے لیکن کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت کم ازکم ایک ہزار افراد مسجد میں موجود تھے جو ایک مذہبی اجتماع کے سلسلے میں وہاں جمع تھے۔

فوری طور پر کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا۔

اس سے پہلے أفغانستان میں شیعہ عبادت گاہوں پر حملوں کی ذمہ داری داعش کی جانب سے قبول کیا جاتا رہا ہے۔

ایک روز قبل چار خودکش بمباروں نے دارالحکومت کابل میں عراقی سفارت خانے پر دھاوا بولا تھا۔

داعش نے پیر کے روز ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب میں عہدے داروں کے مطابق 6 افراد زخمی ہوئے تھے۔