افغانستان میں اب بھی دہشت گردوں کے زیر اثر علاقے موجود ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

Major General Asif Ghafoor

Major General Asif Ghafoor

اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیے ہیں لیکن بدقسمتی سے افغانستان میں اب بھی دہشت گردوں کے زیر اثر علاقے موجود ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلیے پاک فوج بہت باصلاحیت ہے، پاکستان 15 سالوں سے دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ہم نے دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کر دیئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاک افغان سرحد پر افغانستان کی طرف حالات مختلف ہیں اور افغان افواج کی صلاحیت میں کمی سےاب بھی افغانستان میں ایسے علاقے ہیں جو دہشتگردوں کے زیر اثر ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان نے تنہا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں کامیابیاں سمیٹی ہیں اور پاک افغان سرحد پر مستقل امن کیلیے افغانستان کو بھی کامیاب کوششیں کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے تاریخی اور بہترین تعلقات ہیں اور تینوں ممالک کے درمیان آپسی تعاون خطے کے مفاد میں ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں سےکلیئر کرائے گئے علاقوں میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوشل ڈویلپمنٹ میں بہت کام کیا ہے۔