ماہ صیام کے سیکیورٹی پلان کے لیے 9 طیاروں کی خدمات

Kabah

Kabah

رمضان المبارک کے دوران عمرہ کے مناسک کی ادائی کے لیے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کے دیگر اداروں کے ساتھ ساتھ جنرل سول ایوی ایشن کے طیاروں کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ماہ صیام سیکیورٹی پلان کے تحت ماہ مقدس کے دوران معتمرین کی سلامتی اور مسجد حرام میں امن امان میں معاونت کے لیے 9 طیاروں اور جدید ترین مواصلاتی آلات سے لیس ہیلی کاپٹروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

سعودی عرب کی جنرل ایوایشن اتھارٹی کے سربراہ میجر جنرل محمد بن عید الحربی نے بتایا کہ رمضان المبارک کے عمرہ سیکیورٹی پلان کے تحت جدید مواصلاتی آلات سے لیس نو طیارے مختص کیےگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امن وامان کی صورت حال پر نظر رکھنے کے لیے طیاروں کی خدمات کا حصول پہلی بار نہیں کیا گیا بلکہ ماضی میں بھی ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کی خدمات لی جاتی رہی ہیں۔ دیگر شعبوں کی طرح جنرل ایوی ایشن اتھارٹی کے طیارے بیت اللہ کے دیدار کا شرف حاصل کرنے کے لیے آنے والے مہمانوں کی خدمت اور ان کے تحفظ پرمامور ہوں گے۔

طیارے بیت اللہ کے آس پاس، مکہ مکرمکہ کو جدہ اور مدینہ منور سے ملانے والی شاہرات اور رش والے مقامات کی فضائی نگرانی کریں گے۔ جدید مواصلاتی آلات سے لیس طیارے کیمروں کی مدد سے حاصل کردہ تصاویر کنٹرول رومز اور سیکیورٹی اداروں کو ارسال کریں گے جن کی روشنی میں انتظامیہ معتمرین کو درپیش مسائل کےحل کے لیے اقدامات کرے گی۔

شاہ عبدالعزیز میڈیکل سٹی، النور اسپتال اور الحراء اسپتالوں کے ہنگامی رن ویز پربھی طیاروں کو ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں فوری طبی اور امدادی کارروائی شروع کی جاسکے۔