الخدمت فاؤنڈیشن نے بلوچستان میں نئے چائلڈ پروٹیکشن سنٹر کا افتتاح کر دیا

Opening

Opening

اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت نئے چائلڈ پروٹیکشن سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا۔اس حوالے سے حب چوکی کے مقام پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدرمحمد عبدالشکور نے سنٹر کا افتتاح کیا جبکہ دیگر مہمانان میں الخدمت فاؤنڈیشن کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اعجاز اللہ خان اور مقامی ذمہ داران سمیت معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محمد عبدالشکور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ چلڈرن ہمارے معاشرے کا حساس گوشہ ہیں اور اِن کی آبیاری ہم سب کا اخلاقی فرض ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت کام کرنے والے 11چائلڈ پروٹیکشن سینٹر ز میں 550کے قریب بچوں کوصحت، رسمی و غیر رسمی تعلیم کی بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیاں کے مواقع بھی فراہم کئے جارہے ہیں جبکہ قریباََ150سٹریٹ چلڈرن ان سنٹرزسے ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد سکولوں میں باقاعدہ طور پر داخل ہوچکے ہیں۔تقریب کے اختتام پر بچوں میں ایجوکیشن کٹس تقسیم کی گئیں۔

واضح رہے کہ ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان میں قریباََ 13 لاکھ سٹریٹ چلڈرن ہیں جو حکومتی عدم توجہ اورمعاشرتی رویوں کے باعث گھروں اور تعلیمی اداروں میں اپنا وقت گزارنے کی بجائے سٹرکوں پرمحنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ اس سنگین مسئلے کے پیشِ نظر الخدمت فاؤنڈیشن چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کا قیام عمل میں لارہی ہے جس کے تحت پنجاب میں 6، خیبر پختونخواہمیں 4 اور بلوچستان میں 2سنٹر زقائم کئے جا چکے ہیں۔