الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں یتیموں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے۔ سید احسان اللہ

Al-Khidmat Foundation

Al-Khidmat Foundation

اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کے تین رکنی وفد نے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص سے ملاقات کی اور انہیں کفالتِ یتامیٰ پروگرام کے لئے38 لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔

اس موقع پرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل میاں بابر حمید، الخدمت مواخات پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر جمشید علی خان، الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی صبا ثاقب اور عافیہ علی بھی موجود تھیں۔ سید احسان اللہ وقاص نے الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیا اوردکھی انسانیت کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

یاد رہے کہ الخدمت کفالتِ یتامیٰ پروگرام کے تحت ایسے یتیم بچوں اور بچیوں کی کفالت کا اہتمام اُن کے گھروں میں کیا جارہا ہے جو اپنے خاندان کے کفیل کے نہ ہونے کے باعث بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہو جاتے ہیں۔

گزشتہ عشرے میں آنے والی ناگہانی آفات ، بدامنی کے خلاف جنگ ،صحت عامہ کی سہولیات کی کمی اور روزمرہ حادثات کے باعث جہاں ہزاروں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، وہیں لاکھوں بچے بھی اپنے خاندان کے کفیل سے محروم ہو گئے۔

اقوام متحدہ کے ادارہ ’’یونیسف‘‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں42 لاکھ بچے یتیم ہیں جن کی عمریں 17 سال سے کم ہیں اوران میں بڑی تعداد ایسے بچوں کی ہے جنہیں تعلیم وتربیت ،صحت اور خورا ک کی مناسب سہولیا ت میسر نہیں۔اسی ضرورت کے پیشِ نظرالخدمت فاؤنڈیشن کفالتِ یتامیٰ پروگرام کے تحت چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر ، گلگت و بلتستا ن اور فاٹا میں 6144 یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔