حلب میں آخری ہسپتال اور ابتدائی طبی امداد کے اہلکاروں پر حملہ ایک مذموم کاروائی ہے۔ رائس

Susan Rice

Susan Rice

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ نے شام کے شہر حلب کے مشرق میں آخری ہسپتال پر حملے کی مذمت کی ہے۔

وائٹ ہاوس کی قومی سلامتی کی مشیر سوسن رائس نے حلب میں ہسپتالوں اور ابتدائی طبّی امداد کے اہلکاروں پر کئے جانے والے حملوں سے متعلق تحریری بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ روس کے تعاون سے اسد فورسز کا مشرقی حلب میں باقی بچ جانے والے آخری ہسپتال اور ابتدائی طبّی امداد کے اہلکاروں پر حملہ ایک مذموم کاروائی ہے۔

رائس نے کہا ہے کہ امریکہ طبی انفراسٹرکچر اور انسانی امداد کے اہلکاروں کے خلاف کئے گئے خوفناک حملوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے، ان مذموم حملوں کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ روس کے تعاون سے اسد انتظامیہ کی اپنی عوام کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے نتیجے میں جو انسانی بحران درپیش ہے امریکہ اسے حل کرنے کے لئے اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر کوششیں کر رہا ہے۔

سوسن رائس نے کہا کہ امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے آخری دورہ یورپ کے دوران متعلقہ اتحادیوں کے ساتھ ملاقات کی اور رواں ہفتے پیرو میں متوقع ایشیاء پیسیفک اقتصادی تعاون کونسل APEC کے سربراہی اجلاس میں متعلقہ بمباری کو فوری طور پر بند کرنے کی اپیل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ مخالفین کی قائم کردہ عبوری حکومت سے منسلک حلب ہیلتھ ضلعی ڈائریکٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا گیا تھا کہ حالیہ 48 گھنٹوں میں حلب کے مشرقی محلّوں کو نشانہ بنانے والے اسد انتظامیہ کے منّظم حملوں اور روسی طیاروں کی بمباری کی وجہ سے تمام ہسپتالوں میں طبّی خدمت رُک گئی ہے۔