آل پاکستان پیپرمرچنٹس کی لاہور چیمبرنومنتخب عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کو مبارکباد

لاہور ؛ آل پاکستان پیپرمرچنٹس نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں بے مثال کامیابی حاصل کرنے پر پیاف فائونڈرز الائنس کی قیادت ، نومنتخب عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے تاجر برادری کی جیت قرار دیا ہے۔ ایک مشترکہ بیان میں آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما خامس سعید بٹ اور سینئر نائب صدر خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ پیاف فائونڈرز الائنس کے رہنما میاں انجم نثار، میاں محمد اشرف، میاں شفقت علی اور شیخ محمد ارشد خراجِ تحسین کے مستحق ہیں جن کی بدولت آج الائنس اس مقام پر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے گیارہ سالوں کے دوران لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے پیاف فائونڈرز الائنس نے تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے نتیجہ خیز جدوجہد کی ہے جس کی بدولت تاجر برادری ہر سال پیاف فائونڈرز الائنس کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کرتی آئی ہے۔ خامس سعید بٹ اور خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر سہیل لاشاری وسیع تجربے سے مالامال اور زمینی حقائق کا ادراک رکھتے ہیں جبکہ انہیں نومنتخب سینئر نائب صدر طارق مصباح اور نومنتخب نائب صدر کاشف انور کا ساتھ بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری توقع کرتی ہے کہ نومنتخب عہدیداران لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو تاجر برادری کی اُمنگوں کے مطابق بنانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔