آل پاکستان شوٹنگ بال ٹورنامنٹ پاک پی ڈبلیو ڈی نے جیت لیا

All Pakistan, Shooting Tournament

All Pakistan, Shooting Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) احسان شوٹنگ بال کلب ٹنڈوالہیار کے زیراہتمام آل پاکستان انویٹیشن شوٹنگ بال ٹورنامنٹ یکم اپریل تا تین اپریل ٹنڈوالہیار میں کھیلا گیا، ٹورنامنٹ سیکریٹری قربان علی کے مطابق ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نامور 24 ٹیموں نے شرکت کی ٹورنامنٹ کا فائنل پاک پی ڈبلیو ڈی اور العثمان شوٹنگ بال کلب لاہور کے درمیان کھیلا گیا، فائنل میچ پاک پی ڈبلیو ڈی نے شاندار کھیل پیش کر کے2-0 سے جیت لیا۔

فائنل کے مہمان خصوصی سرپرست سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن عبدالمجید شیخ تھے، فائنل میچ کے آغاز سے قبل مہمان خصوصی کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا، فائنل کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بہت بڑی تعداد گراونڈ میں موجود تھی، فائنل میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کی کوشش کرتی رہی، بیسٹ آف تھری پر مشتمل فائنل کا پہلا سیٹ پاک پی ڈبلیو ڈی نے 16-11 سے اور دوسرا سیٹ دلچسپ مقابلے کے بعد 16-14 سے جیت کر فائنل کی ٹرافی بھی جیت لی۔

پاک پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے کپتان عبدالحکیم بوزدار، اعجاز احمد، الطاف میمن، مختیار علی، صدام یوسف اور غلام علی نے نہایت عمدہ کھیل پیش کیا اور اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا جبکہ العثمان شوٹنگ بال کلب لاہور کی جانب سے قیصر بھٹی، خالد، زولفقار جوہیہ اور نعیم اللہ نیازی نے بھی شاندار کھیل پیش کیا، فائنل کے اختتام پر مہمان خصوصی سرپرست سندھ شوٹنگ بال ایسوسی ایشن عبدالمجید شیخ نے انعامات تقسیم کیے ، مہمان خصوصی عبدالمجید شیخ سے ونر ٹرافی پاک پی ڈبلیو ڈی کے کپتان عبدالحکیم بوزدار نے حاصل کی جبکہ رنر ٹرافی العثمان کلب لاہور کے کپتان قیصر بھٹی نے حاصل کی۔

پاک پی ڈبلیو ڈی کے صدام یوسف کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ اور پاک پی ڈبلیو ڈی کے کپتان عبدالحکیم بوزدار کو ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرنے پر مین آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا، اس سے قبل کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں العثمان کلب لاہور نے الشہباز کلب خیر پور کو 2-1 سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاک پی ڈبلیو ڈی نے لال عیسن کروڑ لیہ کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، اس موقع پر سید مدد علی شاہ، ڈاکٹر قیصر جتوئی، عبدالشکور، فتح محمد تھبو، جاوید میمن، علی شیر بھٹو، غلام نبی اور دیگر معزز مہمان بھی موجود تھے، فائنل میچ کو سید ظفر علی شاہ، حاجی ہدایت اور جبار تھبو نے سپروائز کیا۔