اللہ نے موقع دیا تو بلوچستان کو تبدیل کریں گے، عمران خان

 Imran Khan

Imran Khan

کوئٹہ (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کوئٹہ میں ایک بڑے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شاندار استقبال پر شکرگزار ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا، پھر بھی اتنی بے روزگاری کیوں ہے؟ عمران خان کا کہنا تھا کہ انگریزوں کے آنے سے پہلے ہندوستان ایک امیر ملک تھا مگر ان کے آنے کے بعد غریب ہو گیا کیونکہ انگریزوں نے ہندوستان کا پیسہ چوری کرکے اسے بیرون ملک بھیج دیا تھا جبکہ آج پاکستان اس لئے غریب ہے، بلوچستان اس لئے غریب ہے کیونکہ نواز شریف اور پاکستان کے دیگر حکمران خاندان یہاں سے کرپشن کرکے یعنی عوام کا پیسہ چوری کرکے بیرون ملک بھیج دیتے ہیں اور اس سے پانامہ میں کمپنیاں بنا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں آج بھی کمپنیوں کی حکومت ہے، جیسے ماضی میں ایسٹ انڈیا کمپنی کی حکومت تھی، آج کی حکمران شریف خاندان لمیٹڈ کمپنی ہے، آصف زرداری نے سندھ میں کمپنی بنا رکھی ہے، بلوچستان میں فضل الرحمان اور اچکزئی نے کمپنی بنا رکھی ہے، خیبر پختونخوا میں اسفند یار ولی نے کمپنی بنا رکھی ہے، آج یہ کمپنیاں امیر ہو رہی ہیں، عوام غریب ہو رہے ہیں، ہر سال ایک ہزار ارب روپیہ چوری ہو کر ملک سے باہر جاتا ہے حالنکہ یہ پیسہ عوام پر لگنا چاہئے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پر خرچ کریں تو وہ خود ہی پل، میٹرو اور سڑکیں بنا لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موت کا وقت مقرر ہے، مجھے کہا گیا کوئٹہ مت جاؤ مگر میں نے کہا جانا تو ایک دن ہے ہی، جب تک خوف کے بت کو نہیں توڑیں گے اس وقت تک ہم مقابلہ نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی میں نواز شریف کا ماڈل ہوتا تو وہ قوم ہی ختم ہو جاتی، جرمنی اور جاپان میں پہلے سرمایہ کاری انسانوں پر ہوئی تھی، کرپشن کا مطلب آپ کے گھر پر ڈاکہ ڈالنا ہے، بلوچستان میں سب سے زیادہ ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، بلوچستان کو وفاق اور صوبے کے حکمران مل کر لوٹتے ہیں، کلبھوشن یادیو نے دہشتگردی کا اعتراف کیا تھا، نواز شریف پاکستانی قوم کو آپ پر کوئی اعتماد نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف صرف اپنے مفاد کے لئے کھڑے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نواز شریف بتائیں آپ کے دنیا میں کتنے بزنس ہیں؟ آپ کے ہندوستان میں کیا مفادات ہیں؟ جے آئی ٹی پوری تحقیقات کرے کہ نواز شریف کے بزنس کہاں کہاں ہیں، نواز شریف مجبور نہ کریں ورنہ ہم سڑکوں پر نکلیں گے۔

انہوں نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سوشل میڈیا کے لوگوں کو ہاتھ نہ لگاؤ، سوشل میڈیا پر پابندی لگائی تو سڑکوں پر نکلیں گے، کارکنوں کی سڑکوں پر آنے کی بڑی پریکٹس ہو چکی ہے، اللہ نے موقع دیا تو بلوچستان کو تبدیل کریں گے، بلوچستان کے پولیس والے خیبر پختونخوا کا پولیس ایکٹ مانگ رہے ہیں، کے پی میں کرپشن پر قابو پا لیا ہے، کے پی میں پولیس کا نظام مثال بن چکا ہے، کے پی کو نہ پوری گیس ملتی ہے نہ بجلی اور نہ پانی، یہی حال بلوچستان کا ہے، چھوٹے صوبوں کو ان کا حق نہیں ملتا، کچھی کینال بن جائے تو بلوچستان کو فائدہ ہو گا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ یوتھ لون سکیم کے 75 فیصد قرضے پنجاب لے جاتا ہے، اقتدار میں آ کر عدل اور انصاف کا نظام لیکر آئیں گے، ایسا نظام بنائیں گے کہ تمام صوبوں کو مکمل حقوق ملیں گے۔