علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں موک (MOOCs) نظام کا آغاز کر دیا گیا

Allama Iqbal Open University

Allama Iqbal Open University

اسلام آباد (یاسر رفیق) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں موک(MOOCs) نظام کا آغاز کر دیا گیا۔علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنی ابتدائی بنیادی ڈھانچے کو برقرار رکھتے ہوئے آہستہ آہستہ ایک الیکٹرانک اوپن یونیورسٹی کی طرف پیش قدمی کررہی ہے۔

اس جانب یونیورسٹی نے ملکی و غیر ملکی طلبہ کو گھروں کی دہلیز پرآن لائن تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لئے موک (MOOCs)نظام کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت یونیورسٹی کے بنیادی خواندگی سے پی ایچ ڈی سطح کے طلبہ کو خودکار تعلیمی خدمات اور ڈیجیٹل تعلیمی مواد آن لائن دستیاب ہوں گے”ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ای ۔لرننگ کے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ الیکٹرانک تعلیمی مواد کی تیاری پر خصوصی توجہ مرکوز ہے کیونکہ آن لائن تعلیم و تربیت کے لئے یہ لازمی عنصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو ڈیجٹل تعلیمی مواد کی سہولت ویب کے ذریعہ فراہم کی جائے گی اور آن لائن الیکٹرانک تربیتی مواد کی فراہمی کے علاوہ ورچول کلاس روم کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ طلبہ اپنی اسائنمنٹس آن لائن جمع کراسکیں گے۔

ٹیکسٹ چیٹنگ کے ذریعے طلبہ اپنے ٹیوٹرز کے ساتھ رابطہ میں ہوں گے اور ان سے آن لائن رہنمائی حاصل کرسکیں گے۔ ای لرننگ کے لئے ایک نیا اردوویب سائٹ بھی متعارف کیا جارہا ہے اوورسیز ایجوکیشنل پروگرامز اینڈ ای لرننگ کے ڈائریکٹر ماجد رشید کے مطابق یونیورسٹی کے ٹیوٹرز کے لئے اوپن ایجوکیشنل ریسورسسز پر مبنی ای مواد کی پروسسنگ اور ترسیل کے لئے جامع تربیتی پروگرامز کا سلسلہ تیار کیا گیا ہے۔اس مقصد کے لئے یونیورسٹی کے بجٹ میں خصوصی فنڈ مختص کردی گیا ہے۔