الطاف حسین کے را سے تعلقات؛ ایف آئی اے کا سرفراز مرچنٹ اور مصطفی کمال سے رابطہ

Mustafa Kamal and Sarfraz Marchant

Mustafa Kamal and Sarfraz Marchant

اسلام آباد / کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلقات کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سرفراز مرچنٹ اور مصطفی کمال سے تعاون مانگ لیا ہے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد انعام غنی نے لندن میں مقیم سرفراز مرچنٹ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے الطاف حسین کے ’را‘ سے تعلقات سے متعلق کیس میں تعاون کی درخواست کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز مرچنٹ اپنے وکلاء سے مشورے کے بعد 2 روز میں جواب دیں گے کہ وہ کس طرح سے ایف آئی اے سے تعاون کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات نے سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال سے رابطہ کیا اور الطاف حسین کے خلاف الزامات سے متعلق تعاون کی درخواست کی۔ ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مصطفی کمال اور ایف آئی اے حکام کی ملاقات متوقع ہے۔

واضح رہے کہ سرفراز مرچنٹ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ انھیں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے تفتیش کے دوران بتایا تھا کہ الطاف حسین کے ’را‘ کے ساتھ تعلقات ہیں اور اس حوالے سے انھوں نے ثبوت کی کاپیاں ایم کیو ایم رہنماؤں طارق میر اور محمد انور کو بھی پیش کی تھیں۔ سرفراز مرچنٹ کے انکشاف کے بعد وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے واقعہ کی تحقیقات کے لئے کمیٹی بھی قائم کی تھی۔