الزاماتی سیاست سے ہیجان پیدا کرنے سے گریز کیا جائے ‘ ایم آر پی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی سیاسی فضا میں تبدیلی ‘ الزامات کی بازگشت اور سیاسی قیاس آرائیوں کے ساتھ میڈیا ٹاک شوز میں مستقبل کی پیشنگوئی پر تبصرہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیرپٹی نے کہا کہ بیرونی و اندورنی فنڈنگ کے سہارے سیاست اور انتخابات جیتنے کیلئے سودے بازی و جرائم پیشہ عناصر کی مدد آئینی و قانونی طور جرم ہی نہیں بلکہ پرانی سیاسی روایت بھی ہے۔

اسلئے اس قسم کے جرائم میں ملوث افراد و سیاسی جماعتوں اور قیادتوں کیخلاف تادیبی کاروائی قومی ضرورت سہی مگر کسی کے الزامات کو قانونی تقاضوں پر پرکھے بناءکسی کیخلاف میڈیا مہم چلانا یا کسی نومولود سیاست کو روایتی سیاسی جماعتوں کیلئے خطرہ قرار دینا صحافتی حماقت سے زیادہ کچھ نہیں۔

اسلئے محب وطن افراد و ادارے اس حماقت سے خود کو محفوظ رکھیں کیونکہ اس سے پیدا ہونے والا سیاسی ہیجان صنعتی ‘ تجارتی ‘ کاروباری اور پیداواری سرگرمیوں کی سبوتاژی کے ذریعے قومی معیشت کیلئے خطرناک ثابت ہوتا رہا ہے اور اس سے کراچی آپریشن کی غیر جانبداری کو سیاسی انتقام پرستی کا نام دیکر فوج کی و رینجرز کی کوششوں اور قربانیوں کو مشکوک بنانے کی فضا ءبھی سازگار ہورہی ہے۔