امیر جماعت اسلامی کی قیادت میں ٹرین مارچ پشاور سے لاہور پہنچ گیا

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

پشاور (جیوڈیسک) کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ شروع ہو گیا۔ امیر جماعت اسلامی کی قیادت میں ٹرین مارچ میں شامل ہونے کیلئے کارکن جوش و خروش سے پشاور ریلوے اسٹیشن پہنچے۔

سراج الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک کا وجود خطرے میں پڑ گیا ہے۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچنے پر جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ٹرین مارچ کے شرکاء کا استقبال کیا۔

امیر جماعت اسلامی نے خبردار کیا کہ پاناما پیپرز میں شامل شخصیات خود مستعفی ہو جائیں، بااختیار کمیشن نہ بنا تو عوام کا سمندر اسلام آباد کا رخ کر سکتا ہے۔ جماعت اسلامی کا ٹرین مارچ ستائیس مئی کو کراچی پہنچے گا، اس دوران امیر جماعت اسلامی اکیاون ریلوے اسٹیشنوں پر عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

کرپشن کے خلاف آگہی مہم کے سلسلے میں شروع ہونے والا ٹرین مارچ سراج الحق کی قیادت میں پشاور، راولپنڈی، وزیر آباد اور گوجرانوالہ سے ہوتا ہوا لاہور پہنچ گیا۔ لاہور ریلوے اسٹیشن پر جماعت اسلامی کے کارکنوں نے ٹرین مارچ کا شاندار استقبال کیا۔

ٹرین مارچ کے شرکاء رات لاہور میں آرام کرنے کے بعد صبح آٹھ بجے ریلوے اسٹیشن سے کراچی کے لئے راوانہ ہوں گے۔