امریکا: دو سالہ بچے کے ہاتھوں بندوق چلنے سے ماں ہلاک

New York

New York

نیو یارک (جیوڈیسک) امریکی شہر ملواکی میں دو سالہ بچے نے حادثاتی طور پر اپنی ماں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ چھبیس سالہ پیٹرس پرائس دو بیٹوں کے ہمراہ اپنے ایک ساتھی کی گاڑی چلا رہی تھی کہ پیٹرس کے کار میں بیٹھے دو سالہ بیٹے نے گاڑی کی پچھلی سیٹ پر پڑی سیکورٹی گارڈ کی بندوق چلا دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی شاہراہ پر گاڑی چلاتے ہوئے پیٹرس پرائس کو پشت پر ایک گولی لگی جس سے وہ جانبر نہ ہو سکی۔ پولیس کے مطابق گاڑی میں پرائس کی والدہ اور ان کا ایک برس کا دوسرا بیٹا بھی موجود تھا۔ پرائس کے والد کے مطابق پرائس کی ایک بڑی بیٹی بھی تھی۔ پرائس کے والد کا کہنا ہے کہ اب وہ میرے پاس نہیں ہے، میں تکلیف میں ہوں، میں اپنی بیٹی کو دوبارہ نہیں دیکھ سکوں گا، میں آخری بار اپنی بیٹی کو تھامنا چاہتا ہوں۔

گذشتہ ماہ فلوریڈا میں بھی اس نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں چار سالہ بچے نے اپنی ماں کو گولی مار دی تھی۔ حکام کے مطابق گاڑی کی سیٹ کے نیچے رکھی بندوق سرک کر کے پیچھے چلی گئی اور وہاں بیٹھے بچے نے بیلٹ کھول کر اسے پکڑ لیا اور اس سے گولی چل گئی۔ اس حادثے میں خاتون کی جان بچ گئی تھی۔