امریکا سے مذاکرات کا مقصد تعلقات میں وسعت لانا ہے : احسن اقبال

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (جیوڈیسک) کل ہونے والے پاک امریکا سٹریٹجک مذاکرات کیلئے پاکستان کا وفد امریکا پہنچ گیا، وفد میں شامل وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں نئی جہت آئی ہے، امریکا کو سیکیورٹی خدشات سے آگاہ کریں گے۔

پاک امریکا سٹریٹجک مذاکرات کل ہوں گے جس کے لئے قومی وفد امریکا پہنچ چکا ہے جس کی قیادت مشیر خارجہ سرتاج عزیز کر رہے ہیں۔ دیگر اراکین میں احسن اقبال، عابد شیر علی اور سیکرٹری داخلہ عارف خان شامل ہیں۔ وزیر خارجہ جان کیری امریکی وفد کی قیادت کریں گے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاک امریکا سٹریٹجک مذاکرات کا مقصد تعلقات میں وسعت لانا ہے۔ ماضی میں دونوں ممالک کے تعلقات صرف سیکیورٹی تک محدود تھے۔ مذاکرات میں اب تعلیم ، ٹیکنالوجی اور اقتصادیات جیسے معاملات بھی شامل ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی جہت آئی ہے۔ پاکستان امریکا کو سیکورٹی خدشات سے آگاہ کرتا رہتا ہے ، اب بھی کرے گا، پاکستان کی کوشش ہے کہ خطے میں امن آئے جس کے لئے امریکا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔