پاک امریکا اسٹریٹجک مذاکرات، جوہری ہتھیاروں میں کمی کیلئے پاکستان کا تعاون ضروری ہے : کیری

John Kerry and Sartaj Aziz

John Kerry and Sartaj Aziz

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے۔

پاک امریکہ سٹریٹجک مذاکرات کے سلسلے میں پریس بریفنگ کے دوران جان کیری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد تعلیم کے دشمن ہیں وہ پاکستان کے نوجوانوں کو تعلیم سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور روس کے پاس پندرہ سو کے لگ بھگ جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ دونوں ملک اب جوہری ہتھیاروں میں کمی لانا چاہتے ہیں اس سلسلے میں پاکستان کا تعاون ضروری ہے۔

مشترکہ پریس بریفنگ میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغان جنگ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ خطہ افغان عمل کے خاتمے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔ سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم پاکستان امریکہ کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے پاک امریکہ تجارتی تعلقات میں بہتری پر بھی زور دیا۔