امریکہ بشار الاسد حکومت کے خلاف فضائی کارروائی کرے: سعودی عرب

 Saudi Arabia

Saudi Arabia

واشنگٹن (جیوڈیسک) سعودی عرب نے امریکہ سے شام کے صدر بشار الاسد حکومت کے خلاف فضائی حملوں کا مطالبہ دہرایا ہے۔ وہائٹ ہائوس میں ہونے والے مذاکرات کے بعد پریس بریفنگ میں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ سعودی عرب امریکہ سے بڑی دیر سے مطالبہ کر رہا ہے کہ بشار الاسد حکومت کا کنٹرول ختم کرنے کے لئے فوجی کارروائی کی قیادت کرے۔ سعودی عرب شام کی معتدل اپوزیشن کو مسلح کرنا چاہتا ہے۔

سعودی عرب نے فضائی حملوں‘ نوفلائی زون کے قیام اور نو ڈرائیو زون کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے پینٹاگان میں اپنے امریکی ہم منصب آشٹن کارٹر سے ملاقات کی جس میں سکیورٹی سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ غیرملکی میڈیاکے مطابق امریکی وزیر دفاع نے پینٹاگان آمد پر شہزادہ محمد بن سلمان کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ہماری دسویں گفتگو ہے۔

میں اپریل میں ان کی اور خلیج تعاون کونسل کی مہمان نوازی پر شکر گزار ہوں۔گذشتہ سال ستمبر میں مجھے یہاں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا تھا ہم ایک اور تعمیری ملاقات کرنے جا رہے ہیں۔ ہم خطے میں روایتی اور داعش ایسے خطرے سے نمٹنے کے لیے دوطرفہ تعاون بڑھانے ،یمن کی صورت حال اور ایران کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کے مقابلے کے لیے تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔ہم سپیشل آپریشن فورسز کی صلاحیت کار کو بڑھانے سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

اپنے اعزاز میں استقبالیے کے موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے جوابی کلمات میں کہا کہ میں آج بہت ہی حساس وقت میں ایک ایسے ملک میں ہوں جو سعودی مملکت کا اتحادی ہے۔ خطے میں ہمیں بہت سے خطرات درپیش ہیں۔ خواہ یہ بعض ممالک میں عدم استحکام ہے یا بعض ممالک کے داخلی امور میں مداخلت یا دہشت گردی ہے۔

شہزادہ محمد نے کہا کہ خطے میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی یہ ذمے داری ہے کہ وہ ان چیلنجز کا مقابلہ کریں۔یہ چیلنجز پوری دنیا کے لئے بھی ایک خطرہ ہوسکتے ہیں۔آج ہم ان سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کرر ہے ہیں۔ سعودی نائب ولی عہد اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔

انھوں نے قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ جان کیری ، وزیر تجارت اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے ،خطے میں جاری تنازعات کے حل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ وہ جمعہ کو امریکی صدر براک اوباما سے وائٹ ہاس میں ملاقات کرنے والے ہیں۔ سعودی عرب کے نائب ولی عہد نے امریکی صدر بارک اوبامہ سے بھی ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق بارک اوبامہ اور شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات وائٹ ہائوس میں ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، یمن، شام، ایران اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔