امریکا میں داڑھی چھوٹی نہ کرنے پر مسلمان پولیس افسر معطل

Masood Sayyed

Masood Sayyed

نیویارک (جیوڈیسک) انسانی حقوق اور مذہبی آزادی کے علم بردار ملک امریکا میں داڑھی چھوٹی کرنے سے انکار پر مسلمان پولیس افسر کو معطل کردیا گیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا کے شہر نیویارک کی پولیس کے ایک افسر نے مسلمان پولیس افسر مسعود سید کو اپنی داڑھی چھوٹی کرنے کا حکم دیا جسے مسعود سید نے ماننے سے انکار کیا تو انھیں معطل کر دیا گیا۔
دوسری جانب مسعود سید نے اپنی معطلی کے فیصلے کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کرادیا ہے جس پر عدالت نے پولیس حکام کو کیس کا فیصلہ آنے تک مسعود سید کی تنخواہ جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔

نیو یارک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پولیس میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو رعایت کے طور ایک ملی میٹر تک داڑھی رکھنے کی اجازت ہے لیکن مسعود سید ایک انچ تک داڑھی رکھنا چاہتے ہیں اور وہ اسے اپنی مذہبی آزادی مانتے ہیں۔

مسعود سید کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے سے بہت خوش ہوں اور قانونی راستہ اختیار کرنے کے لئے تیار ہوں، مجھے محکمہ پولیس کے بہت سے ساتھیوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ مسعود سید کے وکیل جوشوا مسكاوٹز کا کہنا ہے کہ مقدمہ دائر کرنے کا مقصد داڑھی لمبی ہونے کی وجہ سے محکمہ پولیس میں پریشانی کا سامنا کرنے والے تمام افسروں کو فائدہ دلوانا ہے، ہم داڑھی کے معاملے میں محکمہ پولیس کی پالیسیوں میں تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ دو روز قبل مسعود سید کو 30 دنوں کے لیے بغیر تنخواہ کے معطل کیا گیا تھا، اور اگر وہ اپنی داڑھی چھوٹی نہیں کرتے تو محکمہ پولیس کے قانون کے تحت ملازمت سے برخاست بھی کیا جا سکتا ہے۔