القدس پر امریکی فیصلہ نامنظور، فلسطینی اکیلے نہیں، بھرپور ساتھ دیں گے۔ سراج الحق

Siraj ul Haq

Siraj ul Haq

کراچی (جیوڈیسک) مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کے خلاف شہر قائد میں جماعت اسلامی نے یونیورسٹی روڈ پر وفاقی اردو یونیورسٹی سے حسن سکوائر تک ملین مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں خواتین، بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

مارچ کے شرکاء نے القدس سے متعلق امریکی فیصلے کو ناقابل قبول قرار دیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ فلسطینی جہاد پر اکیلے نہیں، ان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج عالم اسلام انتشار کا شکار ہے لیکن القدس کی آزادی کے لئے سب کو متحد ہونا ہو گا، جب تک ایک بھی مسلمان زندہ ہے، قبلہ اول اسرائیل کا دارالخلافہ نہیں بن سکتا، آج مسلمانوں کو متحدہ ہونے کی ضرورت ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ مسلم ممالک امریکی سفیروں کو نکال دیں اور اس وقت تک امریکہ سے تعلقات بحال نہ کریں جب تک کہ وہ اپنے فیصلے کو واپس نہ لے لے، اسلامی فوجی اتحاد اپنا ایجنڈا دے جس میں فلسطین اور کشمیر کی آزادی شامل ہو۔

ملین مارچ میں شریک سیاسی و مذہبی جماعتوں اور اقلیتی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کا ناپاک خواب ضرور رسوا ہو گا۔